The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

گورنمنٹ پی جی کالج راجوری میں "ایک شاعر سے ملاقات” کی بامعنی نشست

ڈاکٹر مجاہد مغل نے اردو شاعری میں ہیئت، عروض اور تخلیقی ریاضت پر کی بصیرت افروز گفتگو

0

پونچھ/ 20 اپریل/ ماجد چوہدری

شعبہ اردو، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری نے اردو لٹریری کلب کے اشتراک سے ایک منفرد اور علمی نشست "ایک شاعر سے ملاقات” کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے طلبہ نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اردو کے ممتاز نوجوان شاعر اور شعبہ جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مجاہد مغل تھے، جنہوں نے اپنی موجودگی سے نشست کو علمی و ادبی وقار بخشا۔

پروگرام کا آغاز ڈاکٹر عبد الرزاق، اسسٹنٹ پروفیسر اردو، کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے مہمانانِ گرامی اور حاضرین کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اس ادبی پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ صدارت کے فرائض شعبہ اردو کے صدر، ڈاکٹر محمد لطیف میر نے انجام دیے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مجاہد مغل نے اردو شاعری میں ہیئت، تکنیک، عروض اور ریاضت کے اہم پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ شاعری صرف جذبات کا اظہار نہیں بلکہ ایک فنی عمل ہے جس میں مہارت کے لیے مسلسل مطالعہ اور مشق ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اردو کے کلاسیکی شعرا، خصوصاً میر، غالب، مومن اور انیس جیسے اساتذہ کا مطالعہ کریں تاکہ زبان، بیان اور عروض کے اسرار و رموز سے واقف ہو سکیں۔

انہوں نے مختلف شعری ہیئتوں کا تعارف کراتے ہوئے نظم کے متعدد نمونے بھی پیش کیے، جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔ ڈاکٹر مغل نے اس موقع پر اپنا منتخب کلام بھی سنایا جس سے محفل کا ماحول خوشگوار ہو گیا اور سامعین محظوظ ہوئے۔

ڈاکٹر اعجاز حسین شاہ، اسسٹنٹ پروفیسر اردو، نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور طلبہ کو تخلیقی اظہار کی اہمیت پر ابھارا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات طلبہ کو نہ صرف تخلیق کی طرف مائل کرتی ہیں بلکہ انہیں زبان و ادب کی گہرائیوں سے روشناس بھی کراتی ہیں۔

نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبد الرزاق نے خوش اسلوبی سے انجام دیے، جب کہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹر اعجاز حسین شاہ نے پیش کی۔ اس ادبی پروگرام میں کالج کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس علمی نشست کو کامیاب بنایا۔ پروگرام کی کامیابی پر شعبہ اردو کو ہر سطح پر مبارکباد پیش کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.