The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

پہلگام سانحہ کے خلاف بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کا احتجاجی جلوس

ملک بھر کے کالجوں اور اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں کیے جانے پر گہری تشویش کا کیا اظہار

دہشت گردی انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی/ آغا سید حسن

بڈگام/ 25 اپریل/ تنویر حسین

اننت ناگ کے علاقے پہلگام میں پیش آئے حالیہ سفاکانہ دہشت گرد حملے کے خلاف انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام وادی کے تمام اہم جمعہ مراکز پر احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے۔ مرکزی احتجاجی جلوس امام باڑہ بڈگام سے تنظیم کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں نکالا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

جلوس کے شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی چوک بڈگام تک مارچ کیا۔ آغا سید حسن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واقعے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ:
"ایسے سانحات انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔ اسلام کسی بھی بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ کشمیری صدیوں سے مہمان نوازی، رواداری، اور انسان دوستی کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔ ہر مذہب و ملت سے تعلق رکھنے والے افراد کو بلا امتیاز مدد فراہم کرنا کشمیری تہذیب کا اہم جز رہا ہے۔
"پہلگام میں پیش آنے والا واقعہ نہ ہماری اخلاقی روایات کی عکاسی کرتا ہے، نہ ہی ہمارے زمینی کردار کی۔ یہ اُن عناصر کی سازش ہے جو کشمیریوں کی شبیہ، تہذیب اور معیشت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں،” آغا صاحب نے کہا۔

انہوں نے اس واقعے پر پوری وادی کی خاموشی اور دکھ کو اجاگر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو فوری گرفتار کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

آغا سید حسن نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی دیگر ریاستوں میں مقیم کشمیری طلباء کو درپیش خطرات اور حملوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ ان طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.