اردو کی سرکردہ افسانہ نگار شمیم صادقہ کا انتقال : اسلم جاوداں
اردو کونسل ہند نے شمیم صادقہ کی رحلت کو اردو افسانہ نگاری کے بڑے خسارے سے تعبیر کیا
پٹنہ/31اگست/رپورٹر
اردو کونسل ہند کے ناظم اسلم جاوداں نے اپنے ایک بیان کے ذریعے بتایا ہے کہ اردو کی معروف اور سرکردہ افسانہ نگار شمیم صادقہ کا بتاریخ 30 اگست 2025 میدانتاہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا ۔ وہ تقریبا 78 برس کی تھیں ۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ کونسل کے ناظم اعلی نے کہا کہ شمیم صادقہ کی رحلت اردو ادب کا بڑا خسارہ ہے ۔انہوں نے اردو زبان ادب کی بڑی خدمت کی اور اپنی بہترین افسانہ نگاری کے ذریعہ دنیائے ادب میں بڑا مقام اور بڑی شہرت اور مقبولیت حاصل کی ۔ ان کے تین افسانوی مجموعے ۱ ۔کرچیاں ۲۔ ادھورے چہرے ۳ ۔ طرح دیگر یکے بعد دیگر شائع ہوئے اور اردو دنیا کے حواس پر چھاتے چلے گئے ۔ ادھورے چہرے پر مغربی بنگال اکادمی نے انعام بھی دیا تھا ۔ درمیان میں انہوں نے تقریبا تین دہائیوں تک افسانہ نگاری ترک کر دی تھی لیکن اردو ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ ایک بڑے ادبی پروگرام’ محفل اکابرین ادب ‘میں اعلی سطحی اعزاز ملنے پر تقریبا 30 برسوں کے بعد انہوں نے دوبارہ قلم اٹھایا تو ‘ صحرے کی پیاس’ نامی افسانوی مجموعہ معرض وجود میں آیا ۔ جسے اردو کونسل ہند نے شائع کیا ۔ بہار کی خواتین افسانہ نگاروں میں شکیلہ اختر کے بعد جن افسانہ نگاروں کا نام احترام سے لیا جاتا ہے ان میں شمیم صادقہ ایک نمایاں نام ہے ۔ یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ شمیم صادقہ اپنے عہد کی واحد خاتون افسانہ نگار تھیں جن کا قلم جدیدیت کے اثرات کا حامل تھا ۔ لیکن جدیدیت پسندی میں نہ تو ابہام کا رنگ ایا نہ ہی ترسیل کا مسئلہ کھڑا ہوا ۔ شمیم صادقہ جب کرداروں کی نفسیاتی کیفیت کو بیان کرتی ہیں تو الفاظ اور جملے اتنے چست، تراشیدہ ،حقیقت افروز ،خوبصورت اور اتنے اثر انگیز ہوتے ہیں کہ افسانہ نگاری کا فسوں سر چڑھ کر بولتا ہے ۔ ان کے بیان اور پیشکش میں ان کی فن مہارت اور نفسیاتی گرفت قابل تعریف ہوتی ہے ۔ شمیم صادقہ ایک اعلی تعلیم یافتہ اعلی فکر و نظر کی حامل نسوانی عظمت کی علمبردار افسانہ نگار تھیں ۔ ان کے افسانوں میں ذات کی شناخت کا مسئلہ نمایاں طور پر نظر آتا ہے ۔
اسلم جاوداں نے کونسل کی طرف سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی رحلت کو اردو افسانے نگاری کے بڑے خسارے سے تعبیر کرتے ہیں اور ان کے پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرنے کے ساتھ ان کی مغفرت کے لیے بھی دعا گو ہیں ۔۔
اسلم جاوداں نے بتایا کہ ان کے ایک بیٹا امریکہ میں ہیں لہذا ان ان کی شرکت کے پیش نظر نماز جنازہ فیڈرل کالونی کی مسجد میں بروز سوموار بتاریخ یکم ستمبر 2025 ادا کی جائے گی ۔
اسلم جاوداں
ناظم اعلی
اردو کونسل ہند
رابطہ 7903117915
۔
تبصرے بند ہیں.