آئی ایم ایف نے ہندوستان میں ویکسی نیشن کے مفت اعلان کا کیا خیرمقدم
کووڈ 19 کی دوسری لہر اور اس سے وابستہ پابندیوں سے ہندوستان کی معیشت میں تیزی سے گراوٹ کے اشارے ملے ہیں/ گیری رائس
واشنگٹن/ 11 جون/ (یو این آئی)
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ہندوستانی حکومت کی طرف سے غریبوں کے لئے مفت ٹیکہ اور مفت راشن دینے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ، لیکن ساتھ ہی کووڈ ۔19 کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک کی نمو کی پیش گوئی گھٹانے کے بھی اشارے دیئے ہیں۔
آئی ایم ایف کے مواصلات کے شعبے کی ایک رکن گیری رائس نے جمعرات کے روز ایک آن لائن میڈیا بریفنگ میں یہ بات کہی۔ ایک سوال کے جواب میں ، انہوں نے کہا ’’ آئی ایم ایف سب کو ٹیکے لگانے کے ہندوستانی حکومت کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی وبا سے سماج کا کم نقصان ہو اور عام لوگوں کو راحت ملے اس کے لئے اضافی کوششوں کی بھی ہم تعریف کرتے ہیں‘‘۔
معیشت کے بارے میں ، مسٹر رائس نے کہا کہ کووڈ 19 کی دوسری لہر اور اس سے وابستہ پابندیوں سے ہندوستان کی معیشت میں تیزی سے کمی کے اشارے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ہم عالمی معاشی منظرنامے کے بارے میں آئندہ ماہ کے جاری ہونے والے اپ ڈیٹ میں ہندوستان کی نمو کی پیش گوئی پر نظر ثانی کریں گے‘‘۔
آئی ایم ایف نے اپریل میں کہا تھا کہ مالی سال 2021-22 میں ہندوستان کی نمو کی پیش گوئی 12.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اس کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا نے بھی ملک کی نمو کی پیش گوئی کم کرکے 9.5 فیصدکردی ہے۔
ہندوستان کو عالمی معیشت کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے ، مسٹر رائس نے کہا کہ عالمی اور علاقائی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ہندوستان کا بہت بڑا حصہ ہے ، لہذا ہندوستان کی ترقی اور معاشی منظرنامے کے اثرات بھی وسیع ہیں۔ اس کے مضبوط کاروباری روابط اور عالمی سطح پر سپلائی چین ، خاص طور پر جنوبی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ، کافی مضبوط ہیں۔ اس کی وجہ سے اس کا اثر بھی دوسرے ممالاک پر پڑے گا۔