پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھ رہی قیمتوں سے گراں بازاری میں کوئی راحت نہیں
ممبئی میں پٹرول کے دام 102 روپے ، ڈیزل 94 روپے سے متجاوز
سرینگر/ 11 جون/رپورٹر نیوز ڈیسک
ایک دن تک مستحکم رہنے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جمعہ کو ایک بار پھر بڑھ کر ایک نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔
ملک کے چار بڑے میٹرو میں آج پٹرول 29 پیسے اور ڈیزل 30 پیسے مہنگا ہوگیا۔ اس کی وجہ سے ممبئی میں پہلی بار پٹرول کے دام 102 روپے اور ڈیزل 94 روپے کو عبور کرگئے۔ چنئی میں پٹرول کی قیمت پہلی بار 97 روپے سےزیادہ ہوگئی۔
معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں پیٹرول 29 پیسے اضافے سے 95.85 روپے اور ڈیزل 28 پیسے اضافے سے 86.75 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا۔
گزشتہ 4 مئی سے اب تک 22 دن میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئیں، جبکہ باقی 17 دن کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس دوران دہلی میں پٹرول 5.45 روپے اور ڈیزل 6.02 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔
ممبئی میں پٹرول میں 28 پیسے اور ڈیزل میں 30 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پٹرول کی قیمت 102.04 روپے اور ڈیزل کی قیمت 94.15 روپے فی لیٹر کو عبور کر گئی۔
چنئی میں ، پٹرول 25 پیسے مہنگا ہوکر 97.19 روپے اور ڈیزل 27 پیسے اضافے سے 91.42 روپے فی لیٹر ہوگیا۔
کولکاتا میں ، دونوں ایندھن کی قیمتوں میں 28-28 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ وہاں ایک لیٹر پٹرول 95.80 روپے اور ڈیزل 89.60 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنا پر روزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں پر عمل درآمد ہوتا ہے۔
آج ملک کے چار میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں حسب ذیل ہیں۔
شہر کا نام —— پیٹرول روپے / لیٹر —— ڈیزل روپے / لیٹر
دہلی ————— 95.85 —————— 86.75
ممبئی ————— 102.04 —————— 94.15
چنئی —————- 97.19 -—————- 91.42
کولکاتا ———— 95.80 —————— 89.60
اس کے ساتھ ساتھ ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی روزانہ بڑھ رہی قیمتوں نے عام انسان کو پریشان کررکھا ھے۔ کیونکہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھ رہی قیمتوں کی وجہ سے روز مرہ استعمال میں لانے والی اشیاء میں کوئی ریٹ کنٹرول نہیں بن پارہا ھے جس کی وجہ سے بازار میں قیمتوں کے حوالے سے من مانیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔