کوروناوائرس سے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثر پڑا/ وزیراعظم
نائن الیون امریکہ پر ہوئے دہشت گردی کے انسانیت سوز واقعات کے سبق کو ہمیں یاد رکھنا ہوگا
احمد آباد/ 11 ستمبر/یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان سمیت پوری دنیا کی معیشت پر آنچ ڈالنے والی کورونا وائرس کی وجہ سے انتہائی منفی اثر پڑا تاہم ملک کی معیشت جتنی ٹھہر گئی تھی اس سے کہیں زیادہ تیزی سے اب ٹریک پر لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے آج 11 ستمبر 2001 کو امریکی ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر خوفناک دہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر یہ بھی کہا کہ ہمیں اس طرح کے دہشت گردی کے واقعات کے سبق کو یاد رکھنا ہے اور ساتھ ہی انسانی اقدار کو مضبوط بنانے کے لئے پوری ایمانداری کے ساتھ کوشش کرتے رہنا ہوگا۔
اپنی آبائی ریاست گجرات کے احمد آباد میں ویشنو دیوی سرکل کے نزدیک وشو پاٹیدارسماج کی جانب سے سبھی برادری کے غریب طلبااور دیگر لوگوں کی مدد کے لئے 400کروڑروپے کی لاگت سے سات لاکھ اسکوائر فٹ سے بھی زائد رقبہ میں تعمیر کئے جا رہے سردار دھام بھون کے پہلے مرحلہ کی ای-رونمائی اور دوسرے مرحلہ کے ای-بھومی پوجن کے موقع مسٹر مودی نے یہ بات نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کہی۔