جموں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ پورا کیا جائے
ریاستی درجے کی بحالی احتجاج نہیں بلکہ کانگریس کا اصولی موقف/قرہ
سرینگر/25نومبر/وی او آئی
جموں کشمیر پردیش کانگریس کے صدر اورایم ایل اے طارق حمیدہ قرہ نے سوموار کے روز مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کو وعدے کے مطابق سٹیٹ ہڈ کی بحالی کےلئے اقدامات اُٹھائیں۔ طارق قرہ نے کہا کہ کانگریس پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے شروع ہونے کے ساتھ ہی وزیر اعظم کو جموں کشمیر کے لوگوں سے کئے گئے وعدے یاد دلارہی ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق قرہ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کریں۔طارق قرہ نے کہا کہ کانگریس نے مرکزی حکومت کو پارلیمنٹ میں اور باہر دونوں جگہوں کے ساتھ ساتھ خود جموں و کشمیر کی سرزمین سے اس کی بار بار کی یقین دہانیوں کی یاد دلائی کہ ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ احتجاج نہیں بلکہ کانگریس پارٹی کا اصولی موقف ہے۔