جموں وکشمیر کے حوالے سے مرکزی سرکار کی ایک اہم ترین پیش رفت ،24اور25تاریخ کونئی دہلی میں گول میزکانفرنس کا انعقاد
جموں وکشمیر کے سبھی مین اسٹریم لیڈروں کومدعو کرنے کافیصلہ
سری نگر/18جون/ایجنسیز
مرکزی سرکارنے جموں وکشمیر کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت کے تحت رواں ماہ 24اور25تاریخ کونئی دہلی میں ایک گول میزکانفرنس بلائی ہے ،جسکی صدارت وزیراعظم نریندرمودی کریں گے ۔خیال رہے مرکز اورجموںوکشمیرکے لیڈروں کے درمیان میٹنگ کی قیاس آرائیاں9جون کوکئی سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ PAGDکی میٹنگ کے بعدمذکورہ فورم کے لیڈران کی جانب سے مرکزکیساتھ بات چیت پررضامندی کااظہار کئے جانے کے بعدزورپکڑنے لگیں اورحالیہ دنوں میں اس پیش رفت کے حوالے سے میڈیا کیساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی کافی چرچا رہا ۔یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ 5اگست 2019کوجموں وکشمیرکی خصوصی پوزیشن کے خاتمے اورسابق ریاست کی تقسیم اوراسکو مرکزی زیرانتظام علاقہ بنائے جانے کے بعدیہ مرکز ی سرکاراورجموں وکشمیر کے ناراض سیاسی لیڈروں کے درمیان پہلی مرتبہ سیدھا رابطہ اورمکالمہ ہونے والاہے۔کشمیر نیو زسروس (کے این ایس )کے مطابق مرکزی سرکارنے جموں وکشمیرکے حوالے سے علاقائی مین اسٹریم پارٹیوں اورقومی سطح کی سیاسی جماعتوں تک پہنچنے کے ایک انتہائی اہم اقدام کے بطوررواں ما ہ نئی دہلی میں آل پارٹیز میٹنگ یاگول میز کانفرنس بلانے کافیصلہ لیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اپنی نوعیت کی یہ اہم ترین 2روزہ راﺅنڈٹیبل یاگول میز کانفرنس 24اور25جون کونئی دہلی میں وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں منعقد ہورہی ہے ،جس میں ممکنہ طورپر مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ ،مرکزی وزیردفاع راجناتھ سنگھ ،قومی سلامتی کے مشیر اجیت کمارڈوﺅل اورمرکزی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجودہونگے ۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ مجوزہ گول میزکانفرنس میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ PAGD کے سینئرلیڈروں کیساتھ ساتھ دیگرسیاسی جماعتوں کے لیڈروں کوبھی مدعوکیا جائیگا ۔ذرائع کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے سینئرمین اسٹریم لیڈروں کوجلد رسمی دعوت نامے ارسال کئے جائیں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز نئی دہلی میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ مرکزی داخلہ سیکرٹری اوردیگرکئی اہم شخصیات بھی موجودتھیں ۔اس میٹنگ میں جموں وکشمیرکی موجودہ سیکورٹی صورتحال ،ترقیاتی عمل ،مختلف اسکیموں وپروجیکٹوں کی عمل آوری اورسالانہ امرناتھ یاترا کے انعقادکے ساتھ ساتھ سیاسی وانتظامی نوعیت کے کچھ اہم معاملات کابھی احاطہ کیاگیا ۔غورطلب ہے کہ گزشتہ دنوں جب جموں وکشمیرکی تقسیم سے متعلق افواہوں کابازار گرم ہوا تھاتولیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایسی تمام افواہوں کویکسرمسترد کرتے ہوئے ایسی افواہوں کوملک وقوم دشمن عناصرکی کارستانی قراردیاتھا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لگ بھگ چھ ماہ بعد9جون کوجب پی اے جی ڈی کے لیڈروں کی ایک اہم میٹنگ مذکورہ فورم کی نائب صدر اورپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی سرکاری رہائش گاہ واقع گپکارروڑ پرمنعقد ہوئی تھی تومیٹنگ کے بعدمیڈیا سے بات کرتے ہوئے پی اے جی ڈی کے صدر ڈاکٹرفاروق اورنئے ترجمان محمدیوسف تاریگامی نے واضح کیا تھاکہ ہم نے بات چیت کے دروازے بندنہیں کئے ہیں۔