کرگل/ 27 جولائی/ این ایس آر
بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے کہا کہ کرگل ایک بہت ہی خوبصورت اور منفرد جگہ ہے
انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں اپنی آنے والی فلم ‘لال سنگھ چڈا’ کی شوٹنگ سمیٹنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا: ‘ہمارے لئے یہ ایک بہت ہی خوبصورت اور منفرد جگہ ہے۔ چوں کہ ہماری فلم کرگل جنگ پر ہے لہٰذا ہمیں یہاں آنا ہی تھا۔ اگر آپ کی کہانی کرگل پر نہ ہو تو بھی آپ شوٹنگ کے لئے کرگل آ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے۔ یہاں ایک سے بڑھ کر ایک جگہ ہے’۔
عامر خان نے کہا کہ ان کا کرگل میں شوٹنگ کا تجربہ حیرت انگیز رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘یہاں کے لوگوں نے ہمیں بہت تعاون فراہم کیا جس کی وجہ سے جو کام ہمیں مشکل نظر آ رہا تھا وہ ہم نے بڑی آسانی سے کر لیا۔ ہمیں یقین نہیں ہو رہا ہے کہ ہم نے شوٹنگ مکمل کر لی ہے’۔
عامر خان نے 14 جولائی کو کرگل کے واکھا وادو نامی گائوں میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے مذکورہ گائوں میں بچوں کے لئے ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا: ‘ہم کمیونٹی ہال بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔ بچے وہاں ثقافتی پروگرام منعقد کیا کریں گے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم سب کو آپ کی جگہ بہت اچھی لگی۔ آپ کا گائوں بہت ہی خوبصورت ہے۔ ہم گائوں میں بھی گھومنا چاہتے ہیں’۔
واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل سپر ہٹ فلم ‘تھری ایڈٹس’ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لداخ آئے تھے۔