میرا مقصد مسلمانوں کی فلاح و بہبود اورحقوق کیلئے لڑنا ھے
مسلم سماج کی بہتری کیلئے ان کی آواز کو حکومت تک پہنچانا ہے/ ڈاکٹر عائشہ ناز مہدی
نئی دہلی/26 اگست/یوا ین آئی
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں آنے کا میرا مقصد مسلمانوں کے حقوق کے لئے لڑنا، ان کی فلاح و بہبود کی بات کرنا اور ہر سطح پر ان کی آواز کو حکومت تک پہنچانا ہے۔ یہ بات حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کی مجلس عاملہ کی رکن منتخب ہونے والی ڈاکٹر عائشہ ناز مہدی نے کہی ہے۔
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کی مجلس عاملہ کی رکن منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ میں صرف اپنی قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، انہیں فائدہ پہنچانا چاہتی ہوں اور مسلمانوں کی آواز بننا چاہتی ہوں تاکہ ان کے دکھ اور تکلیف حکومت تک پہنچے اور ان کی تکلیف دور ہو۔
دبئی میں مقیم بی جے پی اوورسیز (متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور عمان) کی کوآرڈی نیٹر محترمہ عائشہ نے کہاکہ میرا مقصد جہاں مسلمانوں کوبی جے پی کے قریب لے جانا وہیں بی جے پی کو بھی مسلمانوں کے مسائل سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں 2013میں سٹی لیڈر اور ٹریزرکی حیثیت سے جوائن کیا تھا اور بی جے پی اقلیتی مورچہ کی اسٹیٹ ٹریزر بھی رہی۔ اس دوران ہم نے ممکنہ طور پر مسلمانوں کے مسائل پارٹی کے سامنے اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ مجلس عاملہ کی رکن کی حیثیت سے پارٹی میں مسلمانوں کی حصہ داری اور ان کے حقوق کے لئے بات کروں گی۔
انہوں نے کہاکہ دبئی میں مقیم رہتے ہوئے یہاں پھنسے ہوئے 350 ورکروں کو حکومت سے بات کرکے وطن تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں کو کھانا فراہم کیا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ورکر کے مسائل کو حل کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے آگے بھی یہ کوشش جاری رہے گی۔ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو بی جے پی قریب جاکر اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔