پونچھ میں محکمہ زراعت کی کامیابی، مشروم کی کاشت میں انقلاب کے بعد رنگین گوبھی متعارف
سرکاری اسٹالوں میں محکمہ زراعت کی نمائشی اشیاء کا جلوہ، چیف جسٹس و دیگر مہمانان نے کی سراہنا
پونچھ/14دسمبر/ماجد چوہدری
مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں جہاں گزشتہ روز کمشنر فوڈ سیفٹی و
ڈرگ ہشمت علی ایتو نے پونچھ دورہ کے دوران ڈاک بنگلہ میں تمام نمائشی اسٹالوں میں سے محکمہ زراعت کے نمائشی اسٹال کی سراہنا کی اور انکے کام کی ستائش کی ۔
وہیں چیف جسٹس جموں کشمیر و لداخ ہائی کورٹ تاشی ربسٹن کے دورے کے دوران منعقدہ اسٹالوں میں محکمہ زراعت کے اسٹال کا جلوہ برقرار رہا اور چیف جسٹس نے چیف ایگریکلچر آفیسر راکیش شرما و ضلع ایگریکلچر آفیسر منشی رام سے جب زراعت کے شعبہ میں مشروم کی کاشت میں انقلاب کی داستان سنی اور رنگین گوبھی کی کاشت کی شروعات کے متعلق دریافت کیا تو انکی زبردست سراہنا کی۔
اس سے قبل جموں کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بھی پونچھ دورے کے دوران محکمہ زراعت کی کاوشوں کو سراہا اور پونچھ میں مشروم کی کاشت کے انقلاب پر محکمہ کی ستائش کرتے ہوئے مشروم کاشتکاروں کے لیے پونچھ میں منڈی قائم کرنے کی بات کی ۔
اس ضمن میں زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف ایگریکلچر آفیسر پونچھ راکیش شرما نے بتایا کہ 2022 میں انکا تبادلہ اس پونچھ میں ہوا تو انہوں نے مشروم کی کاشت سب سے پہلے پونچھ میں متعارف کروائی اور رعایت پر یہاں کے کاشتکاروں کو مشروم کی پنیری فراہم کروائی اور تین سال کے اندر اندر سینکڑوں افراد اس سے مستفید ہوئے اور آج پونچھ میں سینکڑوں کوئنٹل مشروم کی کاشت کی جاتی ہے اور ہزاروں افراد آج اس کاشتکاری سے روزی روٹی حاصل کر خود مختار بنے ہیں اور مستقبل میں ایک منڈی قائم کر بیرون ریاست تک پونچھ کے مشروم کو فروحت کرنے کا نظام قائم کیا جائے گا تاکہ پونچھ مشروم کی کاشت میں خود مختار بن پائے۔
انہوں نے بتایا کہ اب ہم نے رنگین گوبھی کی کاشت متعارف کرنے کی شروعات کی جو کامیاب ثابت ہوئی ہے اور مستقبل میں اس کاشت کے زریعے بھی ہزاروں بیروزگار نوجوان منسلک ہوکر خود انحصار بنیں گے ۔
ضلع آفیسر منشی رام نے بتایا کہ حال میں پونچھ کے ہر گاوں تک انکی رسائی ہورہی ہے اور کاشتکاروں کو ہم بہترین قسم کا بیج فراہم کروا رہے ہیں اور وہ آج زراعت کے شعبہ میں خود انخصار ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرے کے عین مطابق کاشتکار دوگنی آمدنی حاصل کررہے ہیں۔
یہاں موجود کاشتکاروں نے محکمہ کے رول کی زبردست ستائش کرتے ہوئے موجودہ افسران کی سرپرستی میں پونچھ میں زراعت کے شعبے کو مزید فروغ ملنے کا دعوی کیا۔