جموں و کشمیر کے معروف سیاسی ، سماجی و روحانی رہنما میاں بشیر احمد لاروی نہ رھے
ادارہ روزنامہ نیوُ سٹیٹ رپورٹر کے دفتر واقع سرینگر پر ھوا انکی وفات پر تعزیتی اجلاس منعقد
سرینگر/15اگست/ این، ایس، آر
جموں و کشمیر کے معروف سیاسی ، سماجی و روحانی رہنما حضرت میاں بشیر احمد لاروی صاحب نے گزشتہ شب ضلع گاندربل میں اپنے آبائی گاؤں وانگت کنگن میں آخری سانس لی۔
میاں بشیر احمد لاروی صاحب عظیم گوجر رہنما اور روحانی شخصیت مرحوم میاں نظام الدین لاروی کے فرزند اور سابق وزیر میاں الطاف احمد کے والد تھے اُن کی وفات پر آج روزنامہ نیو سٹیٹ رپورٹر کے دفتر واقع سرینگر پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ھوا جس میں ادارے کے چیف ایڈیٹر شاھد رشید، منیجنگ ایڈیٹر مزمل حیات ، سب ایڈیٹر محمد سلیمان بٹ، بیورو چیف ریاض بڈھانہ، فوٹو ایڈیٹر نورالامین، بیورو چیف جموں ممتاز تانترے، رپورٹر بانڈی پورہ وانی پرویز ،رپورٹر ہندوارہ طارق راتھر رپورٹر کپوارہ نجمہ بٹ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سوتھ کشمیر اور پیرپنچال علاقوں سے وابستہ رپورٹرس کے ساتھ ساتھ ادارے سے وابستہ کئی قلم کار حضرات نے تعزیتی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ شاہد رشید نے مرحوم رہنما کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے کہا کہ مرحوم نے جہاں گجر بکروال طبقے کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے عمر بھر وکالت کی وہی دیگر پسماندہ طبقہ جات کے لوگوں کی آواز کو بھی بلند کیا۔ مرحوم روحانی شخصیت
کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ھمدرد سیاسی لیڈر بھی تھے ۔ مرحوم رہنما نے پسماندہ لوگوں خاص کر گجر بکروال طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے جو کارہائے نمایاں انجام دئیے انکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ھے۔ شاہد رشید نے مزید کہا کہ میاں صاحب کے چلے جانے سے جموں و کشمیر کے عوام ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب مرحوم کے فرزند ارجمند میاں الطاف صاحب پر کافی زمہ داریاں بڑھ گئی ھیں اور ھمیں امید ھے کہ وہ یہ زمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔ آخر پر تعزیتی اجلاس میں مرحوم میاں بشیر احمد لاروی صاحب کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔
واضع رھے کہ میاں بشیر احمد لاروی صاحب نومبر 1923 میں پیدا ہوئے ۔وہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی کابینہ میں وزیر تھے۔ بعد میں مرحوم نے سیاست چھوڑ دی اور دینوی اور عوامی فلاحی کاموں میں جھٹ گئے۔
2008 میں مرحوم رہنما کو گجر ، بکروال اور دیگر پسماندہ طبقوں کے لیے غیر معمولی خدمات کے عوض حکومت ہندوستان نے پدم بھوشن‘ ایوارڈ سے نوازا ۔