امریکی سینیٹ میں پیش پابندیوں سے متعلق بل پر افغانستان کا سخت ردعمل
امارت اسلامی پر پابندیاں امریکا کی افغانستان میں فیل پالیسیوں کو دہرائیں گی/ افغان وزارت داخلہ
واشنگٹن/یکم اکتوبر/ایجنسیز
امریکی سینیٹ میں افغانستان اور اس کے حمایتوں پر پابندیوں سے متعلق پیش کیے گئے بل پر طالبان حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامی پر پابندیاں امریکا کی افغانستان میں فیل ہونے والی پالیسیوں کو دہرائیں گی۔
افغان وزارت داخلہ کے پریس ڈائریکٹر قاری سید خوستی نے امریکی سینیٹ میں پیش بل پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکا کو افغانستان میں 20 سال تک طاقت کے استعمال سے سبق سیکھنا چاہیے کہ اس دوران انہوں نے طاقت کے استعمال سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔قاری سید خوستی کا کہنا تھا کہ امارت اسلامی افغانستان امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ دو طرقہ تعاون پر مبنی اچھے تعلقات چاہتا ہے۔یاد رہے کہ امریکی سینیٹ میں پیش کیے گئے بل میں پاکستان کے کردار سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ واضح کر چکا ہے کہ بل میں پاکستان کا کردار بلا جواز اور افغانستان کے حوالے سے 2001 سے جاری پاک امریکا تعاون کی روح کے منافی تصور ہے۔