بارہمولہ/ 22 فروری/ عاشق تلگامی
جے ڈی یو پارٹی کے ریاستی صدر جی ایم شاہین نے آج مختلف علاقوں، بالخصوص نہالپورہ، تاپر اور پلہالن کا دورہ کیا۔ اس دوران پلہالن میں ایک بڑی عوامی اجتماع نے انہیں قومی شاہراہ پر روک کر اپنے مطالبات پیش کیے۔
عوام نے شکایت کی کہ پلہالن میں قومی شاہراہ کے بائی پاس کے لیے ان کی زمین استعمال کی گئی ہے، مگر ان زمین داروں کے لیے کوئی متبادل راستہ فراہم نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ اپنی زمینوں تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ یا تو یہاں فلائی اوور تعمیر کیا جائے یا ایسا راستہ نکالا جائے جو انہیں اپنی زمینوں تک پہنچنے میں مدد دے۔
جی ایم شاہین نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی مرکزی وزیر نتن گڈکری کو اس حوالے سے خط لکھ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مرکز کو یہ بھی تجویز دی ہے کہ پلہالن، کریری اور وائیلو کے لیے ایک نیا بلاک تشکیل دیا جائے تاکہ عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
جی ایم شاہین نے اپنے کارکنان کے ساتھ گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے بلاک سطح اور حلقہ سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، تاکہ عام لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں آسانی ہو اور ان کے مسائل بروقت حکام تک پہنچائے جا سکیں۔