پونچھ میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی
مرکزی عیدگاہ میں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی، ڈی سی، ایس ایس پی اور ڈی ڈی سی ممبر نے دی مبارکباد
پونچھ/31 مارچ/ماجد چوہدری
مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ کل شام عید کا چاند نظر آنے کے بعد آج صبح سے ہی ضلع بھر کی مساجد میں عید کی نماز ادا کی گئی۔
سب سے پہلے جامع مسجد اہل حدیث پونچھ میں صبح ساڑھے سات بجے نمازِ عید ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں، مرکزی عیدگاہ پونچھ میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی اور اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوکر دعا کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس موقع پر ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے۔
تحصیلدار حویلی اظہر ماجد اور دیگر ضلع انتظامیہ کے افسران نے بھی عوام کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعا کی۔
ڈی ڈی سی ممبر و سینئر بی جے پی لیڈر چوہدری عبدالغنی نے بھی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس موقع ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط کرنے کا درس دیتا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) پونچھ شفقت حسین بھٹ نے بھی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہمیں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔
عید کے اس پرمسرت موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دی اور گھروں میں میٹھے پکوانوں کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں نے عیدی لے کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔