امیت شاہ کا دورہ جموں و کشمیر ، امن و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے/ جی ایم شاہین
شاہین نے علیحدگی پسند رہنماؤں کو آئین سے وابستگی پر آمادہ کرنے میں امیت شاہ کے کردار کو سراہا
سرینگر/08 اپریل/ عاشق تلگامی
جنتا دل (یونائیٹڈ) جموں و کشمیر کے صدر جی ایم شاہین نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورہ جموں و کشمیر کو ایک تاریخی اور انقلابی قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ خطے میں امن، ترقی اور قومی یکجہتی کی سمت میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
جی ایم شاہین نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کی سرحدوں کے تحفظ اور عوام کی جان و مال کی سلامتی کو اس قدر سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ اپنی ترجیح بنایا ہو۔ انہوں نے امیت شاہ کی پالیسیوں کو "بصیرت افروز اور انقلابی” قرار دیا۔
انہوں نے کانگریس کی سابقہ حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی "ناکامی اور غفلت” کی وجہ سے خطہ جموں و کشمیر طویل عرصے تک عدم استحکام اور بدامنی کا شکار رہا، جس نے ترقی کے عمل کو بری طرح متاثر کیا۔
جی ایم شاہین نے امیت شاہ کے زمینی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے خاص طور پر کٹھوعہ کی حساس سرحد پر ان کے دورے کو سراہا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے اسے مرکز کی سرحدی تحفظ اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے کو بلند کرنے کی غیر متزلزل عزم کی ایک واضح علامت قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مرکزی حکومت کی مستقل کوششوں کے نتیجے میں اب خطے کی سیاسی فضا میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معروف علیحدگی پسند رہنما جیسے محمد یوسف نقش، حکیم عبدالرشید اور بشیر احمد اندرابی اب کھل کر علیحدگی پسندی سے تائب ہو کر آئینِ ہند سے وفاداری کا اعلان کر چکے ہیں۔ شاہین نے اسے کشمیر کی تاریخ میں "امن و یکجہتی کے نئے باب” سے تعبیر کیا۔
جی ایم شاہین نے امیت شاہ کی جانب سے جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن کا مقصد عوام کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے پُرامید انداز میں کہا کہ وزیر داخلہ کی فعال پالیسیوں سے خطے میں استحکام، خوشحالی اور شمولیتی ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔
آخر میں شاہین نے کہا: "جموں و کشمیر کا مستقبل امن، ترقی اور اتحاد میں مضمر ہے۔ مرکزی حکومت اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں ایک نئی امید اور تعمیر و ترقی کی کہانی رقم ہو رہی ہے۔”