مستقل وعارضی ملازمین کے تئیں حکومتی پالیسی روایتی ٹال مٹول پرمبنی
نہ جی ، پی ، فنڈ کی واگزاری اور نہ کوئی دوسری راحت کاری،عیدالاضحی کے بعد احتجاج کیاجائے گا/چیئرمین ایجیک اعجاز احمد خان
سری نگر/25 مئی/این ایس آر
ملازم انجمنوں کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی EJCC نے حکومت پرمستقل وعارضی ملازمین کے تئیں روایتی ٹال مٹول پرمبنی پالیسی اپنانے کاالزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیاکہ اگر ارباب اقتدار نے تمام ملازمین کے جائز مطالبات کو جلد پورا کرنے کا اعلان نہیں کیا تو عیدالاضحی کے بعد نا انصافی اور عدم توجہی پر مبنی حکومتی پالیسی کیخلاف بھرپورانداز میں احتجاج کیاجائے گا ۔ ایک بیان میں EJCC کے چیئرمین اور سینئر ٹریڈیونین رہنما اعجاز احمدخان نے کہاکہ دسمبر 2024 سے سرکاری ملازمین کے جی , پی ، فنڈ معاملات التواء میں پڑے ہوئے ہیں اورحکومتی اعلانات و یقین دہانیوں کے باوجود ملازمین اپنا حق وصول کرنے میں ناکام ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ منتخب عوامی حکومت تشکیل پانے سے لاکھوں مستقل وعارضی ملازمین میں یہ اُمید جاگی تھی کہ اب اُن کی شکایات کا ازالہ کیاجائے گااوراب اُن کے دیرینہ جائز مطالبات کو پورا کیاجائے گا۔اعجاز خان نے کہاکہ افسوس کامقام ہے کہ نہ شکایات کاکوئی ازالہ ہوا،نہ مشکلات کاکوئی سدباب ہوا اور نہ جائز مطالبات کو ہی پورا کیاگیا ، جسکے نتیجے میں جموں وکشمیرکے ساڑھے 4 لاکھ سے زیادہ ملازمین مایوسی اوربددلی کے شکارہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دسمبر 2024 سے سرکاری ملازمین کے جی پی فنڈ کیس سرکاری ٹریجریوں میں دھول چاٹ رہے ہیں ،اور اعلانات کے باوجود حکومت نے ملازمین کو کوئی راحت نہیں پہنچائی ہے ۔ سینئر ٹریڈیونین رہنما اعجاز خان نے کہاکہ EJCC نے بار ہا ملازمین کے جائز مطالبات اورمشکلات کو حکومت اور انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داروں کی نوٹس میں لایااور ہر بار ہمیں زبانی یقین دہانی کرائی گئی لیکن زمینی سطح پر اب تک کوئی مطالبہ پورا نہیں کیاگیا اورنہ مشکلات کو ہی دورکیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی محکمانہ ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی محکمے میں وقت پر ڈی پی سی کااہتمام نہیں کیا جاتاہے اور نہ ملازمین کی تنخواہوں میں پائی جانے والی تفاوت کو دورکیاگیاہے ۔ جس کے نتیجے میں لاتعداد سرکاری ملازمین کو مختلف قسم کی ناانصافیوں کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔چیئرمین EJCC اعجازاحمدخان نے کہاکہ جی پی فنڈ میں جمع شدہ رقم ملازمین کی اپنی تنخواہوں کاحصہ ہوتی ہے اور ملازمین کیلئے جی پی فنڈ مشکل وقت میں ایک راحت اورریٹائرمنٹ کے بعد ایک سہارے کا ذریعہ بن جاتی ہے لیکن اب جموں وکشمیرکے ملازمین کیلئے جی پی فنڈ حاصل کرنا بھی کارِدارد والا معاملہ بن گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ساتھ ہی ساٹھ ہزار سے زیادہ عارضی ملازمین بشمول ڈیلی ویجر اور کیجول لیبر برسوں سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن ارباب حل و عقد نے مستقل ملازمین کیساتھ ساتھ عارضی ملازمین سے بھی اپنی آنکھیں پھیرلی ہیں ۔ اعجاز خان نے کہاکہ اگلے کچھ دنوں میں EJCC کے سینئرلیڈران کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی جائے گی ،جس میں ملازمین کے تئیں حکومت کے طرزعمل کو زیرغورلانے کے بعدآئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر ارباب اقتدار نے تمام ملازمین کے جائز مطالبات کو جلد پورا کرنے کا اعلان نہیں کیا تو عیدالاضحی کے بعد ناانصافی اور عدم توجہی پر مبنی حکومتی پالیسی کیخلاف بھرپور انداز میں احتجاج کیاجائے گا ۔
تبصرے بند ہیں.