این سی سرکار شروع سے ناکام اور دھوکے باز ثابت ہوئی ہے/ سجاد غنی لون
راجیہ سبھاممبر کوئی شہنشاہ نہیں بلکہ ایک سینئر ایس پی او ہوتا ہے، گراونڈ پر ہورہے سبھی کام ایم ایل اے کے ہاتھ میں ہوتے ہیں/بشیر احمد ڈارا
ہندوارہ/یکم جنوری/طارق راتھر
پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون نے ہندوارہ میں اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران این سی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ این سی سرکار ابتدا سے ہی ناکام اور دھوکے باز رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے گمراہ کیا اور ان کے ساتھ استحصال کیا۔
سجاد غنی لون نے کہا کہ یہ حکومت آئندہ تین برسوں میں بھی کوئی قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے گی۔ ان کے مطابق عوامی ناراضگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب لوگ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ این سی حکومت سے کسی بھی بہتری کی امید نہ رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھاری اکثریت سے اس حکومت کو اقتدار میں لانے کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے تمام وعدے اور دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔
ریزرویشن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سفارشات پہلے ہی مسترد کی جا چکی ہیں، جس سے حکومت کی نااہلی عیاں ہوتی ہے۔ مارچ سیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ناکارہ سرکار سے عوام کو کسی مثبت اقدام کی کوئی امید نہیں۔
ڈیلی ویجرز کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سجاد غنی لون نے کہا کہ ہر حکومت نے ان کے ساتھ استحصال کیا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔
آخر میں انہوں نے این سی حکومت کو تاریخ کی سب سے ناکارہ اور ظالم حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن عوام مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلیں گے اور حکومت سے اس کی ناکامیوں کا حساب لیں گے۔
تبصرے بند ہیں.