جموں/ 24 جون/ این ایس آر
کشمیری مہاجر پنڈتوں نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بلائی جانے والی کل جماعتی میٹنگ میں دعوت نہ دیے جانے پر یہاں پریس کلب کے باہر علامتی احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔
اس موقع پر سنجے گنجو نامی ایک احتجاجی نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے اور آج بھی جو اہم میٹنگ بلائی گئی اس میں ہمارے نمائندے کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا: ‘آج کشمیر پر اہم میٹنگ ہو رہی ہے لیکن ہمارے کسی بھی نمائندے کو اس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی’۔
موصوف نے مطالبہ کیا کہ کشمیری پنڈتوں کے ریاستی قانون سازیہ میں چار نمائندے اور پارلیمنٹ میں دو نمائندے ہونے چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پر ہونے والی اس بات چیت میں ہمارے مستقل باز آباد کاری کی بات بھی ہونی چاہئے۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو گذشتہ تیس برسوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا اپنا حق ملنا چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دلی میں جمعرات کو کل جماعتی میٹنگ ہوئی۔