The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

جموں و کشمیر کی ایک انچ زمین بھی کسی باہری شخص کو نہیں دی جائے گی

امن اور بھائی چارہ قائم کرنا ہماری ترجیح ہے، ترقی کے پھول محبت کی زمین میں ہی کھلتے ہیں/منوج سنہا

0

سری نگر/ 15 اگست/این ایس آر

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کی ڈیموگرافک تبدیلی کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے کی ایک انچ زمین بھی کسی باہری شخص کو نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور بھائی چارہ قائم کرنا ہماری ترجیح ہے کیوں کہ ترقی کے پھول محبت کی زمین میں ہی کھلتے ہیں۔
منوج سنہا نے یہ باتیں اتوار کو یہاں شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: ‘کچھ ملک مخالف اور ترقی دشمن عناصر نے اراضی قانون کو لے کر عام لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے جذبات کو بھڑکانے کی کوششیں کی ہیں۔ طرح طرح کی باتیں کہی جا رہی ہیں کہ ڈیموگرافک تبدیلی کی جا رہی ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں آپ کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کی ایک انچ زمین بھی کسی باہری شخص کو نہیں دی جائے گی۔ ہاں ہم نے رجعت پسند قوانین میں تبدیلیاں لائی ہیں۔ یہاں سیب کے درخت لگانے اور کاٹنے کے لئے حکومت سے اجازت لینی پڑتی تھی۔ اب کوئی بھی کسان اجازت حاصل کئے بغیر اپنے زمین میں سیب کے درخت لگا سکتا ہے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور بھائی چارہ قائم کرنا ہماری ترجیح ہے کیوں کہ ترقی کے پھول محبت کی زمین میں ہی کھلتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اس پیروار نے ہمیشہ وحدت الوجود کی بات کی ہے۔ شنکر آچاریہ مندر سے لے کر حضرت بل تک سبھی مذاہب کی عبادت گاہیں نظر آتی ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے ساتھ ہندوستان کی روح جڑی ہوئی ہے۔ وتستا سے گنگا تک اور لال قلعے سے لال چوک تک سبھی مل کر ہمدم چلیں یہی اس 75 ویں یوم آزادی کا پیغام ہے’۔
منوج سنہا نے کہا کہ ہم سبھی لوگوں کو بھروسہ دلانا چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر اور باہر جو بھی لوگ درپردہ یا پراکسی وار کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور آگے بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا: ‘پڑوسی ملک جو اپنی عوام کی فکر نہیں کرتا ہے وہ ہمارے یہاں کے نوجوانوں کو بھڑکانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں کرتا ہے۔ میں گمراہ اور بھٹکے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ دہشت گردی پوری دنیا میں ترقی اور امن کے لئے مضر ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ان نوجوانوں کو امن اور ترقی کے راستے سے گمراہ کر کے اس مقدس زمین پر عزت و احترام کی زندگی جیتنے سے محروم کیا گیا ہے’۔
دریں اثنا سرکاری ترجمان نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج نے اتوار کو یہاں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم سری نگر میں ترنگا لہرایا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
یوم آزادی کی پریڈ میں بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، جے کے اے پی، آئی آر پی، جے کے پی خواتین دستہ، ایس ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، جے اینڈ کے پولیس اور فارسٹ پروٹکشن فورس نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ 75 ویں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریبات نے ہمارے بہادروں کی قربانیوں کو یاد کیا اور ہندوستانی آزادی کی تحریک کے جذبے کو دوبارہ زندہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی انضمام پر مبنی ثقافتی پروگراموں نے سماجی ہم آہنگی کی بنیادی اقدار سے ہماری مشترکہ وابستگی کا مظاہرہ کیا اور شاندار جامع ورثے کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں نے ایک نئے سرے سے پیدا ہونے والے جموںوکشمیر کی جھلک بھی دکھائی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یوم آزادی پریڈ کے تمام دستوں اور ثقافتی پروگرام پیش کرنے والے گروپوں کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
قومی سطح پر منعقد ہونے والے قومی ترانے گانے کے مقابلے کے فاتحین نے قومی تہوار کی تقریب کے دوران قومی ترانے کی قیادت کی۔
اس موقع پر جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پنکج متھل، ہائی کورٹ کے ججوں، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر، پی آر آئی کے نمائندے، میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، سابق قانون ساز، سینئر سول، پولیس اور فوجی افسران، سیاسی اور سماجی کارکن، معزز شہری، میڈیا افراد اور شہری موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.