The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

سرکاری ملازمین کی جائز جمع پونجی (جی پی فنڈ ،گریجوٹی وغیرہ) کی ادائیگی میں تاخیر حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے

انتظامیہ اورعوام کے درمیان رابطہ پُل کومزید کمزور کرنے سےگریز کیاجائے/اعجازاحمدخان

0

سری نگر/20 اگست/این ایس آر

سرکاری ملازمین کی مشترکہ مشاورتی کمیٹی EJCC نے” ایس آراﺅ 43 میں ترمیم سے متعلق سفارش کوناقابل قبول“ قرار دیتے ہوئے ہفتہ کوحکومت پر زوردیاکہ وہ انتظامیہ اورعوام کے درمیان اس رابطہ پُل (ملازمین ) کومزید کمزور کرنے سے گریز کرے ۔سروس کلاس ملازمین کے جی پی فنڈ اور ریٹائرڈ ملازمین کے جائز واجبات کی ادائیگی میں مہینوں کی تاخیر پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے ای جے سی سی کے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ ملازمین کی جائز و برحق جمع پونجی (جی پی فنڈ وغیرہ) کی ادائیگی میں تاخیر حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے ۔ایمپلائزجوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹیEJCC کے بینر تلے ٹریڈ یونین لیڈروں اورملازمین کی ایک بڑی تعدادنے اپنے جائز مطالبات کولیکرسنیچر کوسری نگرکی پریس کالونی میں زوردار احتجاج کیا۔EJCC کے چیئرمین اعجاز احمدخان کی زیر قیادت اس پُرامن مگر پُرجوش احتجاج میں ای جے سی سی لیڈران شیخ اعجاز مخدومی ،جاوید احمدآخون ،شعیب منشی ،فاروق کاوا،رحمت اللہ خان،شوکت احمد نوشہری ،عبدالقیوم بیگ،فیروزاحمد نجار اورحکیم ریاض کے علاوہ درجنوں ملازمین نے شرکت کی ۔احتجاجی ٹریڈیونین لیڈروں اورملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس لے رکھے تھے ،جن پر”ایس آراﺅ 43 کیخلاف چھیڑ چھاڑ نامنظور نامنظور،ملازمین کاجی پی فنڈ واگزار کرﺅ واگزار کرﺅ،ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی ،لیوسیلری اورفائنل جی پی فنڈ واگزار کرﺅ،واگزارکرﺅ“جیسے مطالبات لکھے تھے۔اس موقعہ پر ملازمین کی مشترکہ مشاورتی کمیٹیEJCC کے چیئرمین اعجازاحمدخان نے ملازمین کے تین اہم مطالبات پر نامہ نگاروں سے بات کی ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کوگزشتہ کئی مہینوں سے جی پی فنڈ نہیں دیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ جی پی فنڈ کیس ٹریجریوں میں پڑے ہیں اورگزشتہ کم سے کم 4 مہینوں سے کیس زیرالتوءپڑے ہوئے ہیں ۔سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ ملازمین مختلف سرکاری محکموں میں ملازمت کرنے کے دوران اس اُمید اوریقین کیساتھ اپنی تنخواہوں سے جی پی فنڈ کٹواتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر اُنھیں یہ رقم بغیر کسی تاخیر کے فراہم کی جائیگی ،جیسا کہ عمومی طورپر ہوتا آیا ہے ۔انہوں نے کہا لیکن گزشتہ 4 مہینوں سے سروس کلاس ملازمین کے حق میں جی پی فنڈ کی درکار رقم واگزار نہیں کی جارہی ہے ،جو انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ ریٹائرڈ ہوئے ملازمین کے جملہ واجبات واجب الاداپڑے ہیں ،جن میں اُنکی گریجویٹی ،لیوسیلری اورفائنل جی پی فنڈبھی شامل ہے ۔اعجاز خان نے کہاکہ ملازمین کیلئے یہی عمر بھر کی جمع پونجی ہوتی ہے ،جو وہ ریٹائرہونے پر اپنے بچوں کی شادی ،اُن کی اعلیٰ تعلیم اوربعض اوقات پختہ مکانات بنانے پر خرچ کرتے ہیں ۔انہوں نے سوالیہ اندازمیں کہاکہ کیا دہائیوں تک انتظامیہ میں خدمات انجام دینے کایہی صلہ ملنا چاہئے کہ ریٹائرمنٹ کے بعدملازمین کواپنی جائز جمع پونجی کیلئے بھی دردرکی ٹھوکریں کھانی پڑیں ۔EJCCکے چیئرمین اعجاز خان نے مزیدکہاکہ ایک جانب سرکار کسی بھی طرح کی مالی بدحالی یارقومات کی عدم دستیابی سے انکار کرتی ہے ،لیکن دوسری جانب حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کوجی پی فنڈ کی رقم فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس آراﺅ 43کوحاصل کرنے کیلئے جموں وکشمیر کے ملازمین نے 26سال پہلے40 روزہ انتھک جدودجہد کی ،جس دوران درجنوں ملازم لیڈروں اورملازمین کو جیلوں میں بھی کاٹنے پڑے ۔اعجاز احمدخان نے ایس آراﺅ 43میں کسی بھی طرح کی ترمیم کوناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم ایل جی کی سربراہی والی انتظامیہ پرزوردیتے ہیں کہ وہ انتظامیہ اورعوام کے درمیان اس رابطہ پُل (ملازمین ) کومزید کمزور کرنے سے گریز کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.