بارہمولہ/18 جنوری/عاشق تلگامی
جٹھار، چنڈوسہ ضلع بارہمولہ کے رہائشیوں نے پانی کی شدید قلت کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا اور محکمہ جل شکتی سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ گاؤں میں پانی کی قلت نے ان کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ گاؤں کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
مقامی لوگوں نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، "ہمیں ندی نالوں سے پانی لانا پڑتا ہے، جو سردی کے اس موسم میں نہایت دشوار اور مشکلات سے بھرپور ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ محکمہ جل شکتی کی ناکامی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے، جو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی جیسی بنیادی سہولت کا نہ ہونا ان کے لیے ناقابل برداشت ہے اور اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ اپنے احتجاج میں مزید شدت لائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ، "محکمہ جل شکتی کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔”
گاؤں کے لوگوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے کر فوری اقدامات کریں تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے۔