اترپردیش/27 فروری/صمد احمد صدیقی
گورکھپور، دعوت اسلامی انڈیا کے زیر انتظام مدرسۃ المدینہ جامعۃ القریش اندھیاری باغ کا سالانہ پروگرام منگل کی رات ہوا، تلاوت قرآن پاک قاری عبدالجواد، نعت پاک عادل عطاری نے پیش کی، وہیں مہمان خصوصی مولانا آصف مصباحی نے پورا قرآن پاک حفظ کرنے والے ابو طلحہ، محمد ارسلان، محمد فرحان، محمد ریحان اور محمد افضل کے سر پر دستار باندھ کر انہیں سند عطا کی، اسی کے ساتھ ساتھ ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے مدرسہ کے 27/ طلبا کو بھی سند دی گئی، طلبا کو دعاؤں، پھولوں کے ہار اور تحائف سے نوازا گیا۔
مولانا آصف اور حاجی اعظم عطاری نے عوام کو بتایا کہ قرآن پاک ایسی پاکیزہ کتاب ہے جو پوری دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جاتی ہے، دوسری کتابیں تین سے چار بار پڑھنے سے انسان کا دل بھر جاتا ہے، جب کہ قرآن مجید جتنی بار پڑھا جائے اتنی ہی خوشی و مسرت حاصل ہوتی ہے، جو شخص قرآن مجید پڑھتا اور سنتا ہے اسے ایک نئی کیفیت حاصل ہوتی ہے، دنیا کی تمام کتابوں میں تحریفات کی گئی ہیں، جبکہ قرآن پاک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، یہ آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہے، قرآن پاک صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے ہر انسان کی رہنمائی کے لیے ہے، اگر لوگ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو قرآن پاک کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھام لو کیونکہ قرآن پاک ہر محاذ پر ہماری رہنمائی کرے گا۔
آخر میں درود و سلام پڑھنے کے بعد ملک میں امن اور بھائی چارے کے لیے دعائیں مانگی گئیں، محفل میں محمد فرحان عطاری، قاری محسن، مولانا عارف علیمی، مولانا قادری، قاری شہباز، جمیل وغیرہ موجود رہے۔