بارہمولہ/ 27 فروری/عاشق تلگامی
بارہمولہ پولیس نے ضلع کے مختلف تھانوں اور پولیس پوسٹوں میں تھانہ دیوس کا انعقاد کیا۔ یہ تقریبات پولیس اسٹیشن اُوڑی، شیری، کریری، کنزر، ٹنگمرگ، بونیار اور پولیس پوسٹ پلہالن، کنگامدرا، اُڈوسہ، کمل کوٹ اور بابا ریشی میں منعقد ہوئیں۔
ان تقریبات کی صدارت ضلع کے مختلف گزٹیڈ افسران نے کی، جن کے ہمراہ متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ دورانِ اجلاس، پولیس افسران نے عوامی مسائل کو بغور سنا اور یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ جائز شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا، جبکہ سول انتظامیہ سے متعلق معاملات کو متعلقہ محکموں کو بھیجا جائے گا تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔
اس موقع پر ایس ڈی پی اوز نے خطاب کرتے ہوئے نچلی سطح پر پولیسنگ کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی اعتماد بحال کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ دیوس عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے ذریعے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دیا جاتا ہے۔
اجلاس میں پولیس افسران نے جرائم اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، بالخصوص منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی عزت اور ساکھ برقرار رکھنا اور سماج کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
اس دوران عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ قانون و امن و امان کی بحالی میں پولیس کا ساتھ دیں اور سماج دشمن و ملک دشمن عناصر کی نشاندہی کریں جو علاقے کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس افسران نے عوامی تعاون کو جرائم کے خلاف اجتماعی جدوجہد میں ایک اہم ستون قرار دیا اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔