بارہمولہ/15 مارچ/ عاشق تلگامی
ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے محکمہ روزگار کے اشتراک سے مشن یووا کے تحت "یووا دوتس” کے ساتھ ایک تعارفی و تربیتی پروگرام کا انعقاد ڈک بنگلہ بارہمولہ میں کیا۔ اس پروگرام کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، ڈاکٹر ظہور احمد رینہ نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظہور احمد رینہ نے "یووا دوتس” کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ یہ نوجوان ممکنہ کاروباری افراد کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2025 میں منعقدہ بیس لائن سروے میں 58,000 سے زائد ممکنہ کاروباری افراد کی نشاندہی ہوئی، جو ضلع کے مضبوط کاروباری جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر رینہ نے مزید بتایا کہ مشن یووا کے تحت چھ بلاک لیول ہینڈ ہولڈنگ اینڈ ڈیولپمنٹ سپورٹ (BHDS) یونٹس ذیلی تحصیل سطح پر اور ایک سنگل ڈسٹرکٹ بزنس یونٹ (SDBU) ضلعی سطح پر قائم کیا گیا ہے تاکہ ادارہ جاتی فریم ورک کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس اقدام کی کامیابی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سیشن میں "یووا دوتس” کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ وہ کاروباری افراد کی مؤثر رہنمائی کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے مکمل تربیتی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ "یووا دوتس” کو ضروری مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔
یہ اقدام نہ صرف ضلع میں کاروباری مواقع کو فروغ دے گا بلکہ نوجوانوں کو خود روزگاری کی جانب راغب کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔