The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

اوڑی کے دو نوجوانوں کی لاشیں کمان پوسٹ کے ذریعے بھارت کے حوالے

0

بارہمولہ/22مارچ/ عاشق تلگامی

پاکستان کے زیر انتظامیہ کشمیر(پی او کے)کی انتظامیہ نے ہفتے کے روز کمان پوسٹ اوڑی کے ذریعے دو نوجوانوں کی لاشیں بھارتی حکام کے حوالے کردیں۔دونوں افراد نے تقریباً 18روز قبل دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی تھی اور ان کی لاشیں بعد میں سرحد پار جا پہنچی تھیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسر حسین شاہ،ولد موز علی شاہ،ساکن بسگران،اوڑی،اور آسیہ بانو،دختر محبت خان،ساکن کنڈی برجلہ،اوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں نوجوان 5 مارچ کو اوڑی کے دلانجہ علاقے میں دریائے جہلم میں کود گئے تھے،جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے تھے۔سرکاری حکام کے مطابق،یاسر حسین شاہ کی لاش 20 مارچ کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کے قریب کمان پوسٹ کے پاس دریائے جہلم میں تیرتی ہوئی دیکھی گئی۔پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے لاش کو نکالنے کی کوشش کی،لیکن تیز پانی کے بہاؤ کے سبب وہ سرحد پار پاکستان کے زیر انتظامیہ علاقے میں بہہ گئی۔
بعد ازاں،21مارچ(جمعرات)کی شام چناری کے مقام سے لاش کو نکالا گیا۔اسی طرح،آسیہ بانو کی لاش پہلے ہی ایل او سی عبور کرچکی تھی اور19مارچ کو چھتر کے علاقے میں ملی۔بھارتی حکام نے اس معاملے کوپاکستانی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا،جس کے بعد ہفتے کے روزکامان پوسٹ پر دونوں لاشیں باضابطہ طور پر بھارتی حکام کے حوالے کی گئیں۔لاشوں کی حوالگی کے موقع پراوڑی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام،ایس ڈی پی او اوڑی،ایس ایچ او اوڑی،نائب تحصیلدار،ڈاکٹروں کی ایک ٹیم،بھارتی فوج کے افسران،اور مرنے والوں کے والدین موجود تھے۔دوسری طرف،پاکستانی انتظامیہ کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔حکام کے مطابق،طبی اور قانونی جانچ کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا جائے گاتاکہ تدفین کی جاسکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ دونوں نوجوانوں کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ اور مقامی باشندے مسلسل پریشان تھے،اور ان کی لاشوں کی بازیابی کے بعد علاقے میں غم کی فضا پائی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.