The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

پونچھ میں ذبح خانے پر بندش، عوام اور تاجر فکرمند

رمضان المبارک کے متبرک مہینے میں پونچھ کے عوام تازہ گوشت سے محروم

0

پونچھ/25 مارچ/توصیف رضا گنائی

پونچھ کے گوشت اور چکن ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر 70 سالہ پرانے ذبح خانہ کو دوبارہ کھولنے کے احکامات جاری کرے، جو گزشتہ ایک ماہ سے بند ہے۔ ایسوسی ایشن نے رمضان المبارک اور آنے والے تہواروں لیلۃ القدر اور عید الفطر کے دوران اس بندش کے عوام پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے نشاندہی کی کہ اس ذبح خانہ کو سال 2017 میں میونسپل انتظامیہ نے جدید خطوط پر استوار کیا تھا، جس کے بعد اس کی اچانک بندش نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ "جو ذبح خانہ چند سال پہلے قانونی طور پر فعال تھا اور جس پر سرکاری فنڈز خرچ کیے گئے، وہ آج اچانک غیر قانونی اور آلودگی کا سبب کیسے بن گیا؟” ایک ترجمان نے سوال اٹھایا۔

ذبح خانہ کی بندش کے باعث مقامی قصاب اور گوشت کے تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سپلائی میں کمی اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عام شہریوں کو مہنگا اور غیر معیاری گوشت خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ "پونچھ کے عوام چند افراد کی شکایات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، جو کہ سراسر ناانصافی ہے،” ایسوسی ایشن نے الزام لگایا۔

عوام نے بھی اس بندش پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان اور عید جیسے مقدس مواقع پر تازہ گوشت کی عدم دستیابی ان کے مذہبی و ثقافتی روایات کو متاثر کر رہی ہے۔ "یہ عبادت، اتحاد اور خوشیوں کا مہینہ ہے، لیکن ذبح خانہ کی بندش کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں،” ایک مقامی خریدار نے شکوہ کیا۔

گوشت اور چکن ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ پونچھ سے پرزور اپیل کی ہے کہ عوام کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ذبح خانہ کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ کوئی بھی شہری رمضان اور عید کے مقدس موقع پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.