The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

اگلے چند روز بعد عیدالفطر کی تقریب سعید ، لاکھوں مستقل وعارضی ملازمین اب تلک تنخواہوں اوراُجرتوں کے منتظر

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمرعبداللہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل/ اعجازاحمدخان

0

سری نگر/27 مارچ/این ایس آر

سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے اسبات پر حیرانگی اور تشویش کااظہارکیاہے کہ عیدالفطر کی تقریب سعید میں محض تین یا چار دن رہنے کے باوجود سرکاری ملازمین ،یومیہ اُجرت پرکام کرنے والے عارضی ملازمین ،آئی سی ڈی ایس ورکروں ،فیر پرائس شاپ ڈیلروں اور دیگر محنت کشوںکی تنخواہوں اور اُجرتوں کو اب تک واگزار نہیں کیاگیاہے ۔ایک بیان میں ملازم انجمنوں کے سب سے بڑے فورم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹیEJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ یہ بات طے ہے کہ چاند نظرآنے کی صورت میں عیدالفطر کی تقریب سعید رواں ماہ کی 31تاریخ بروزسوموار یا ماہ اپریل کی پہلی تاریخ بروز منگلوار کو منائی جائے گی ،تو لازم ہے کہ تمام مستقل اور عارضی ملازمین کی تنخواہیں بلاتاخیر واگزار کی جائیں ،تاکہ وہ عید الفطر بغیر کسی پریشانی مناسکیں ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ ہمارے بازاروں میں ہونے والے کاروبار کا زیادہ ترانحصار ملازم طبقہ پر ہی ہوتاہے اور اگر ملازمین کوتنخواہیں دی جائیں توبازاروں میں کاروبار بھی بڑھ جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ لاکھوں ملازمین اور یومیہ اجرت پرکام کرنے والے بشمول ڈیلی ویجر ،کیجول لیبر ،آئی سی ڈی ایس ورکر اور فیر پرائس شاپ ڈیلران اس انتظارمیں ہیں کہ کب اُن کی تنخواہوں،اُجرتوں اور کمیشن کو واگزار کیاجائے تاکہ وہ اپنے گھروں کیلئے ضروری سامان اوراہل خانہ بالخصوص بچوں بچیوں کیلئے نئے کپڑے اور دیگرچیزیں خریدسکیں ۔سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ ماہ مارچ کی تنخواہوں کو اگلے مہینے کی پہلی یا دوسری تاریخ کے بجائے آج یا کل ہی واگزار کیاجائے ،تو سرکار یا خزانہ عامرہ کوکوئی بڑافرق نہیں پڑے گا،لیکن لاکھوں ملازمین اور محنت کشوںکو راحت اورخوشی ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ ہم ایک جمہوری نظام میں رہتے ہیں ،جہاں عوام رعایا نہیں ہوتی ،جہاں حکمران بادشاہ یا مہاراجہ نہیں ہوتا ہے بلکہ عوام کا وہ منتخب نمائندہ ہوتا ہے ،جس کااولین فرض یا ذمہ داری عوام کوراحت پہنچانا ہوتا ہے ۔اعجاز احمدخان نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمرعبداللہ سے پُرزوراپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے پیش نظر آج یعنی 28مارچ یا کل یعنی 29مارچ کو تمام سرکاری ملازمین ،یومیہ اُجرت پرکام کرنے والے عارضی ملازمین ،آئی سی ڈی ایس ورکروں ،فیر پرائس شاپ ڈیلروں اور دیگر محنت کشوںکی تنخواہوں اور اُجرتوں کی واگزاری کویقینی بنائیں ۔اپنے بیان میں سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے صاحب ثروت اشخاص اور ملازمین سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ عید اخراجات میں تھوڑی کمی کرکے ضرورت مند گھرانوںکی مالی معاونت کریں تاکہ وہ بھی عیدالفطر سب کیساتھ خوشی خوشی مناسکیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.