کرونا وباء اس صدی کا سب سے بڑا چلینج بن کر ابھرا ھے
انسانیت کو بچانے کیلئے برق رفتاری سے ویکسین تیار کرنے پر ملک کے سائنسداں ستائش کے حقدار/مودی
نئی دہلی/ 4 جون/ (یو این آئی)
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) یعنی سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کی وبا اس صدی کا سب سے بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے، لیکن ماضی میں جب بھی کوئی بڑا انسانی بحران آیا ہے، سائنس نے ایک بہتر مستقبل کے لئے راستہ تیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سائنس کی اصل فطرت بحران کے وقت حل اور امکانات کی تلاش کرکے نئی طاقت پیدا کرنا ہے۔
انسانیت کو اس وبا سے بچانے کے لئے ایک سال کے اندر جس پیمانے پر اور رفتار سے ٹیکے بنائے گئے، اس کے لئے وزیر اعظم نے سائنس دانوں کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اتنا بڑا حادثہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ صدی میں دوسرے ممالک میں ایجادات کی گئی تھیں اور ہندوستان کو ان کے لئے کئی برسوں تک انتظار کرنا پڑا تھا، لیکن آج ہمارے ملک کے سائنس داں دوسرے ملکوں کے ساتھ یکساں رفتار سے اور برابر کا کام کررہے ہیں۔ انھوں نے کورونا کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کو کووڈ-19 کے ٹیکے، جانچ کٹس، ضروری آلات اور نئی مؤثر دواؤں کے معاملے میں خودکفیل بنانے کے لئے سائنس دانوں کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کو ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانا صنعت اور بازار کے لئے بہتر رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں سائنس، سماج اور صنعت کو ایک ہی سطح پر رکھنے کے لئے سی ایس آئی آر ادارہ جاتی نظام کے طور پرکام کرتی ہے۔ ہمارے اس ادارے نے ملک کو شانتی سوروپ بھٹناگر جیسی متعدد صلاحیتیں اور سائنس داں دیے ہیں، جنھوں نے اس ادارے کی قیادت کی۔ انھوں نے کہا کہ سی ایس آئی آر کے پاس تحقیق اور پیٹنٹ ایکو-سسٹم کا ایک مضبوط نظام ہے۔ انھوں نے کہا کہ سی ایس آئی آر ملک کے مسائل کے حل کے لئے کام کررہی ہے۔