ایڈیٹرز کوارڈینشن فورم کی ڈائریکٹر اطلاعات سے اہم ملاقات، اشتہاری نرخوں میں اضافے کی یقین دہانی
اخبارات کو اشتہارات کی فراہمی روکنے سے متعلق کوئی پالیسی نہیں/ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ
سرینگر/ 09 جولائی/سی این ایس
جموں و کشمیر کے 30 سے زائد اخبارات کے نمائندوں پر مشتمل ایڈیٹرز کوآرڈی نیشن فورم کے ایک وفد نے بدھ کے روز محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر، نتیش راجورہ (آئی اے ایس) سے ایک تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سرکاری اشتہارات کی فراہمی، واجب الادا رقومات اور اخبارات کو درپیش مالی مشکلات جیسے اہم امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران متعدد اخبارات کے مدیران نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ ان کے اخبارات، اگرچہ باقاعدہ ایمپینلڈ ہیں اور متواتر شائع ہورہے ہیں ، تاہم انہیں طویل عرصے سے سرکاری اشتہارات سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس عمل نے ان اداروں کو مالی طور پر شدید متاثر کیا ہے۔
ڈائریکٹر اطلاعات نے اس موقع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے کسی بھی اخبار کی اشتہاری بندش کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کے لیے ایک ریشنلائزیشن پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شفافیت اور برابری کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے ایڈیٹرز فورم کو یقین دلایا کہ بہت جلد مقامی اخبارات کو موجودہ نرخوں سے بہتر اشتہاری ریٹ پر اشتہارات فراہم کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر نتیش راجورہ نے تسلیم کیا کہ مقامی صحافتی ادارے رائے عامہ کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت ان اداروں کی بقا اور فلاح کے لیے سنجیدہ ہے۔فورم کے ترجمان نے اس ملاقات کو نہایت مثبت، حوصلہ افزا اور امید افزا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر اطلاعات نے ہمارے خدشات کو نہایت توجہ سے سنا اور مکمل سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم ان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اخبارات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور بہتر نرخوں کی یقین دہانی کرائی۔
ایڈیٹرز فورم نے اس عزم کا بھی خیرمقدم کیا کہ محکمہ اطلاعات مستقبل میں بھی صحافتی اداروں کے وقار، آزادی اور بقا کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گا، خصوصاً ایسے دور میں جب پرنٹ میڈیا کو وجود کی جنگ درپیش ہے۔
تبصرے بند ہیں.