The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

3 روزہ جشن جموں و کشمیر ثقافتی میلہ جموں میں اختتام پذیر

کلچرل اکیڈمی اور جے اینڈ کے آرٹسٹس ایسوسی ایشن نے کیا تھا میلے کا اہتمام

0

سرینگر/18 فروری/ شافیہ گلفام

جموں کے ابھینو تھیٹر میں 3 روزہ جشن جموں و کشمیر ثقافتی میلہ اختتام پذیر ہوا۔میلے میں قریباً 300 سے زائد فنکاروں نے شرکت کرکے روایتی موسیقی، رقص اور لوک تھیٹر کی پرفارمنس سے سامعین کو محضوظ کیا۔اس میلے کا افتتاح جے اینڈ کے ‘یوٹی’ کے لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے رواں ماہ کی13 تاریخ کو کیا تھا جبکہ اختتامی تقریب پر وقف بورڈ کی چئیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی خاص مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئی۔تقریب میں جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلجر اینڈ لینگویجز کی سیکریٹری ہروندر کور نے شرکاء مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی مشترکہ ثقافت کو محفوظ رکھنے اور اسے فروغ دینے کے لئے کلچرل اکیڈمی کے عزم کو دہرایا۔اس موقع پر درخشاں اندرابی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کلچرل اکیڈمی اور جموں کشمیر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے کیرئیر کا آغاز جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی سے ہی کیا تھا جس سے مجھے ایک الگ پہچان ملی تھی۔ انہوں نے مقامی فنکاروں کے لئے مسلسل مدد اور پہچان کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ثقافتی تبادلے، اتحاد اور روایتی فنون کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کے پلیٹ فارم ضروری ہے۔ میلے کے آخری روز معروف گلوکار گلزار احمد گنائی اور ان کے ساتھی،محمد یاسین گوندپوری اور ان کےساتھی،جے آر جیکسن اینڈ گروپ،سکھ شام گولیریا،ڈوگری ڈانس،ہی مال کلچرل گروپ ،شمشاد بیگم شعوری شاہ، دمبالی ڈانس سینٹرل کشمیر،بھگت فوک تھیٹر،موہن مستری اینڈ گروپ،،موہن لالا اینڈ گروپ اور اوم پرکاش اور ان کے ساتھیوں نے شرکت کی۔۔میلے کی اختتامی تقریب میں سپیشل سیکرٹری جی اے ڈی پریرنا رینہ، پریزیڈنٹ جے اینڈ کے گوشالہ سمتی راج کمار، ایڈیشنل سیکریٹری کلچرل اکیڈمی سنجیو رینا وغیرہ نے شرکت کی، میلے کے اختتام پر فنکاروں کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔اس میلے کی نظامت کے فرائض ورسٹائل فنکار اور معروف براڈکاسٹر کسم تکو نے انجام دی جبکہ جے اینڈ کے آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے چئیرمین گلزار احمد بٹ نے تمام شرکاء مہمانوں، فنکاروں و دیگر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اس تین روزہ جموں و کشمیر کے ثقافتی میلے کا اہتمام جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی اور جے اینڈ کے آرٹسٹس ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.