The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

ڈپٹی کمشنر پونچھ کی بروقت مداخلت سے معذور افراد کے پنشن کا مسئلہ ہوا حل

معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے انتظامیہ کی طرف سے اٹھایا گیا اہم اقدام

0

پونچھ/18فروری/ماجد چوہدری

ضلع پونچھ میں معذور افراد کے پنشن سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے بروقت مداخلت کی ہے۔ معذور افراد کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر انہوں نے فوری طور پر کارروائی کا حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق، کچھ عرصہ قبل ضلع سماجی بہبود افسر وکیل احمد بھٹ کی جانب سے معذور افراد کی پنشن کی تصدیق کے عمل کے دوران معذور افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ معذور افراد نے پریس کانفرنس کے ذریعے ضلع سماجی بہبود افسر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاج اور بھوک ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔
اس صورتحال کے پیش نظر، محمد فرید ملک، ضلعی صدر معذور افراد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی درخواست کی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع سماجی بہبود افسر کو معاملے کی وضاحت کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع سماجی بہبود افسر وکیل احمد بھٹ نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے معذور افراد کے تمام خدشات دور کیے۔ محمد فرید ملک نے میڈیا کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے ضلع سماجی بہبود افسر اور چیف میڈیکل آفیسر پونچھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں بورڈ چیکنگ کے دوران اور تمام سماجی بہبود دفاتر میں معذور افراد کے بیٹھنے اور دیگر سہولیات کے خصوصی انتظامات کریں، جہاں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہوں۔
محمد فرید ملک نے ڈپٹی کمشنر پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مداخلت سے معذور افراد کے مسائل حل ہوئے ہیں اور دفاتر میں ان کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.