The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

پونچھ میں آزاد صحافت کے لیے اہم قدم، پونچھ انڈیپنڈنٹ میڈیا ایسوسی ایشن (PIMA) کا باقاعدہ قیام

صحافی ڈاکٹر زمرد مغل متفقہ طور پر پی آئی ایم اے کے چیئرمین منتخب

 

پونچھ /23 جون / ماجد چوہدری

 

خطہ پیر پنچال میں صحافت کی دنیا کے لیے ایک تاریخی دن، جب پونچھ انڈیپنڈنٹ میڈیا ایسوسی ایشن (PIMA) کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا۔ اس تنظیم کا مقصد آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دینا، اظہار رائے کی آزادی کا تحفظ کرنا، اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و اخلاقی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

 

اس موقع پر خطے کے معتبر اور نڈر صحافی ڈاکٹر زمرد مغل کو متفقہ طور پر ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ ڈاکٹر مغل کی صحافت میں طویل خدمات اور حق و سچ کی بے باک ترجمانی نے انہیں ایک مثالی رہنما بنا دیا ہے، جن کی قیادت میں ایسوسی ایشن کو آگے بڑھنے کی واضح سمت ملے گی۔

 

نومنتخب عہدیداران میں ہرپریت سنگھ نائب صدر، سائما قاضی جنرل سیکریٹری، شہرارز حسین چیف ترجمان، قاسم بٹ ترجمان، اور اشتیاق چوہدری بطور کیشیئر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹیو باڈی میں پانچ ممبران شامل ہیں جن میں ڈاکٹر زمرد مغل، سائما قاضی، شہرارز حسین، اسرار کاظمی اور تنویر چوہدری شامل ہیں۔

 

پیما کے قیام کا بنیادی مقصد خطے میں ایک ایسا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں صحافی بلا خوف و خطر سچائی کو سامنے لائیں، اور صحافت کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ ایسوسی ایشن نہ صرف صحافیوں کے حقوق، سلامتی اور فلاح و بہبود کی ضامن بنے گی بلکہ ان کی پیشہ ورانہ تربیت، صلاحیتوں میں نکھار اور اخلاقی رہنمائی کے لیے تربیتی ورکشاپس، سیمینارز اور آگاہی مہمات کا انعقاد بھی کرے گی۔

 

پیما کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ یہ ایسوسی ایشن میڈیا، سول سوسائٹی اور انتظامیہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گی، تاکہ روابط شفاف، مثبت اور تعمیری رہیں۔

 

پونچھ بھر میں اس تنظیم کے قیام کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ مختلف صحافیوں، سماجی شخصیات اور متعلقہ حلقوں نے پیما کی تشکیل کو ایک خوش آئند اور ضروری قدم قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے اراکین نے عہد کیا ہے کہ وہ صحافتی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے اجتماعی ترقی اور عوامی شعور کی بہتری کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.