سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تجارتی حجم 33 ارب ڈالر
دونوں ملک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں/اوصاف سعید
ریاض/5 جون/ ایجنسیز
ریاض میں متعین انڈین سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تجارتی لین دین 33 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’دونوں ملک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات گہرے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اعداد و شمار کی زبان اس کا ٹھوس ثبوت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت تجارتی لین دین کا حجم 33 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔‘
ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’سعودی عرب، خلیج، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے علاقے میں مضبوط ترین سفارتی تعلقات رکھنے والا اہم ملک ہے۔‘
انڈین سفیر کا کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ان دنوں جو ادارہ جاتی عمل کی قیادت کررہے ہیں وہ عمدہ پیشرفت ہے۔ اقتصادی، سیاسی اور سماجی پہلوؤں کے حوالے سے مستقبل میں ہمارا محور یہی ہے۔‘
ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’سعودی عرب، چین، امریکہ اور امارات کے بعد انڈیا کا چوتھا بڑا تجارتی شریک ہے۔ سعودی عرب کے لیے انڈین برآمدات چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں۔ سعودی عرب 19 فیصد تیل کی ضروریات پوری کر رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا میں کورونا کے مریضوں کے علاج میں مدد کے لیے آکسیجن کنٹینرز، سلنڈرز وغیرہ کی صورت میں مدد پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔ فیاضانہ انداز میں انڈیا کی مدد کرنے والے تمام اداروں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘