امریکی صدر جوبائیڈن کی ویکسین کی 50 کروڑ سے زیادہ خوراکیں خریدنے کا اعلان
جنھیں آئندہ سال تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا
واشنگٹن/23 ستمبر/ایجنسیز
امریکی صدر جوبائیڈن نے کورونا کی ویکسین کی 50 کروڑ سے زیادہ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا ہے، جنھیں آئندہ سال تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس سے قبل امریکہ نے آئندہ سال جون تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کے لیے فائزر اور بائیو این ٹیک ویکسین کے 50 کروڑ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔ آج کے اعلان کے بعد خریدی جانے والے ویکسینز کی خوراکوں کی کل تعداد ایک ارب ہو جائے گی، جسے دنیا کے کم آمدن والے ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکومتی اعلان سے قبل اپنی ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ”ہم نے اب تک امریکی عوام کو جتنی ویکسین لگائی ہیں، اس سے 3 گنا زیادہ ہم دنیا کو فراہم کریں گے”۔
بائیڈن نے ویکسین کے اضافی خوراکیں مفت فراہم کرنے سے متعلق اعلان کورونا کے ورچوئل سربراہی اجلاس کے دوران کیا، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے احاطے سے باہر منعقد کیا گیا تھا۔
بائیڈن نے عالمی ادارہ صحت کے ہدف کا حوالہ دیا جس میں اگلے سال تک دنیا کی کم از کم 70 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے پر زور دیا گیا ہے، ساتھ ہی ادارے نے دیگر دولت مند ملکوں پر زور دیا ہے کہ اس ضمن میں وہ بھی آگے بڑھیں، انفیکشن پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں ویکسین لگانے کے ضروری اقدام میں مدد فراہم کریں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے، بائیڈن نے کہا کہ امریکہ نے اب تک 100 سے زیادہ ملکوں میں ویکسین کی 16 کروڑ ڈوز تقسیم کی ہیں، یہ تعداد مجموعی طور پر باقی دنیا کی جانب سے تقسیم کی جانے والے تمام ڈوزز سے کہیں زیادہ ہیں۔