سجاد غنی لون نے مرحوم مولانا افتخار حسین انصاری کو ان کی 7 ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت کیا پیش
مرحوم رہنما نے جموں و کشمیر کی فلاح و بہبود کے لئے جو کام انجام دئے ہیں انہیں بہت دور تک یاد کیا جائے گا
سرینگر/29 ستمبر/این ایس آر
پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے بدھ کے روز معروف اسلامی اسکالر اور جموں و کشمیر کی معروف سیاسی شخصیت مرحوم مولانا افتخار حسین انصاری صاحب کو ان کی 7 ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
لون نے اپنے خراج عقیدت میں مرحوم مولوی صاحب کو ایک معروف مذہبی اسکالر اور سیاسی رہنما کے طور پر یاد کیا جنہوں نے اپنی زندگی کو معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے وقف کیا اور ان میں اپنے حقیقی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کیلئے ان میں اعتماد پیدا کیا۔ لون نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود میں مرحوم مولوی صاحب کی شراکت کو آنے والے وقتوں میں بھی یاد رکھا جائے گا۔
"وہ حب الوطنی کے حقیقی علمبردار تھے۔ مرحوم مولوی صاحب کا میرے والد مرحوم خواجہ عبدل غنی لون کے ساتھ طویل رشتہ تھا اور درحقیقت وہ بانی رکن اور جے اینڈ کے پیپلز کانفرنس کے پہلے نائب صدر تھے۔ وہ ذاتی طور پر بہت ہی رحم دل انسان تھے۔ میں ہمیشہ ان کے ساتھ طویل سیشنز کو یاد کرتا ہو کہ وہ کیسے باپ کی طرح سے میری رہنمائی کرتے تھے۔ میں انہیں ایک ایسے شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھوں گا جس نے ایک سیاسی رہنما کی حیثیت سے میری پرورش میں ایک اہم کردار ادا کیا اور مجھے ایک بہتر انسان بننے میں مدد فراہم کی۔
دریں اثناء پی سی کے دیگر رہنما بشمول عبدالغنی وکیل ، مولوی عمران رضا انصاری ، سید بشارت بخاری ، فیاض احمد میر ، نذیر احمد لاوے ، منصور سہروردی ، ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار ، عابد حسین انصاری ، یاسر رشی ، محمد خورشید عالم ، محمد عباس وانی ، مرتضی خان ، محمد اشرف میر ، راجہ اعجاز علی ، عرفان پنڈتپوری ، سفینہ بیگ ، نجیب نقوی ، تصدق یاسین ، ریدھم سنگھ ، عدنان اشرف ، یوتھ لیڈر شیخ محمد عمران ، مدثر کریم ، سلمان بخاری ، رفاقت سونواری ، منصور بانڈے نے بھی مرحوم مولانا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ آخر پر مرحوم مولانا افتخار حسین انصاری کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔