سیاحتی مقام دودھ پتھری میں اپنی نوعیت کا پہلا سنو فیسٹیول کم روزگار میلہ منعقد
*پروگرام کا افتتاح ڈی سی بڈگام سید فخرالدین حامد اور ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر فضل الحصیب نے کیا*
بڈگام/ 2 فروری/ ریاض بڈھانہ
سیاحتی مقام دودھ پتھری میں آج اپنی نوعیت کا پہلا سنو فیسٹیول کم روزگار میلہ منعقد ہوا۔ اس دوران سیاحوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے دودھ پتھری کا رُخ کیا، اس میلے کا اہتمام بڈگام ضلعی انتظامیہ اور کشمیر کے محکمہ سیاحت نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ پروگرام کا افتتاح ڈی سی بڈگام سید فخرالدین حامد اور ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر فضل الحصیب نے کیا۔ اس فیسٹیول کے دوران مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سنو کبڈی، سنو رن، اے ٹی وی رائیڈ، سنو بائیکنگ رائیڈ اور ہارس ریس شامل ہیں۔ لوگوں نے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے دودھ پتھری میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور زیادہ سیاح دودھ پتھری کا رُخ کریں گے اور مقامی لوگوں کیلے روزگار کا ذریعہ بھی پیدا ھوگا۔
اس دوران ڈی سی بڈگام نے سکائیرز، سنو بائیکرز کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور کہا کہ انتظامیہ دودھ پتھری میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے سینکڑوں لوگوں نے ہوم اسٹے سروسز کے لائسنس کے لیے درخواستیں دی ہیں جن کی درست طریقے سے تصدیق کرنے کے بعد سیاحوں کو خدمات فراہم کرنے کا موقع دیا جائے گا اُن کا کہنا تھا کہ دودھ پتھری قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے سیاح یہاں کا رُخ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک افتتاحی تقریب ہے۔ دودھ پتھری کو فروغ دینے کے لیے انفراسٹرکچر کے پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دودھ پتھری میں ہر ممکن سہولت اور اچھا انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ مواصلاتی نظام کے فقدان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں یہاں بی ایس این ایل خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تاہم مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ دودھ پتھری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔