جموں کے رائے پور ، ستوار ی علاقوں میں رہائش پذیر غریب کنبوں کو پی ایم اے وائی کے تحت مکانات دیئے جائیں/پونیت کور
جموں/29 اگست/این ایس آر
اپنی پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں کے رائے پور اور ستواری علاقوں میں رہائش پذیر غریب کنبوں کو پردھان منتری آواس یوجنہ کے تحت مکانات اور دیگر اسکیموں کے تحت بیت الخلاءتعمیر کرنے کے لے مدد کی جائے۔
رائے پور، ستواری میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور نے علاقہ میں لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کا جائزہ لیا۔ اس دوران لوگوں نے اُنہیں بتایاکہ علاقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، صفائی ستھرائی کا بھی نظام نہیں، کثیر تعداد میں لوگ غریب ہیں جنہیں مکانات وبیت الخلاءکی تعمیر کے لئے انتظامیہ کی طرف سے کوئی فنڈز مہیا نہیں کئے جارہے۔پونیت کور نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد کہاکہ غریب کنبوں کو پردھان منتری آواس یوجنہ کے تحت مکانات کی تعمیر کے لئے مالی امداد فراہم کی جانی چاہئے۔ علاوہ ازیں مستحق کنبوں کو بیت الخلاءبھی تعمیر کرا کے دیئے جائیں۔
موصوفہ نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ اِس بات کو یقینی بنایاجائے کہ غریب کنبوں حکومتی پالیسیوں کا فائیدہ پہنچے ۔ انہوں نے بجلی بلوں میں بھی غریب کنبوں کو رعایت دینے کا مطالبہ کیا۔ اپنی پارٹی لیڈر نے جموں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ یہ لوگوں کے جیبوں پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے جوکہ پہلے ہی مہنگائی کی مار جیل رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت جموں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے فیصلے پر نظرثانی کرے کیونکہ اِس کیخلاف بڑے پیمانے پر غم وغصے کی لہر ہے۔ اس میٹنگ میں ٹرانسپورٹ یونین صوبائی صدر تیرتھ سنگھ، صوبائی نائب صدر ٹرانسپورٹ یونین دویندر سنگھ گِل، جنرل سیکریٹری یشپال چودھری، ورشا مدھو ، سونیتا ریتو وغیرہ بھی موجود تھی۔