The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

اینجلز کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام منشیات مخالف آگاہی پروگرام کا انعقاد

0

سرینگر/ 03 جنوری/این ایس آر

اینجلز کلچرل اکیڈمی نے جموں و کشمیر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے اشتراک سے ٹیگور ہال میں ایک شاندار منشیات مخالف آگاہی پروگرام منعقد کیا۔

پروگرام کا موضوع *”نشا مکت جے اینڈ کے ابھیان اور منشیات سے پاک ماحول”* تھا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے مباحثے اور ڈرائنگ مقابلوں میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اینجلز کلچرل اکیڈمی کے فنکاروں نے منشیات کے خطرات پر مبنی ایک پُراثر ڈرامہ پیش کیا، جبکہ شیخ سبزار کی *لڈیشہ* نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ پروگرام کی میزبانی نوجوان مصنف اور سکالر فہیم الاسلام نے بخوبی انجام دی۔

تقریب کی صدارت محترمہ تزئین مختار (ڈپٹی کمشنر ایکسائز) نے کی، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ (ڈپٹی کمشنر سرینگر)، عابد حسین (ایڈیشنل کمشنر کشمیر)،شوکت حسین بہار (ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر] ، شکیل الرحمان (ڈپٹی سیکرٹری JKAACL) اور مہجبین گوثیہ (کشمیری شاعرہ )شامل تھے۔

سلیم نبی میر، مشہور کامرس کے استاد، طاہر بھٹ (الفا انگلش اکیڈمی) ،جہانگیر رہبر اور معروف مصنف و ادیب گلال کشمیری نے تقریب کے جج کے فرائض انجام دیے۔

تقریب کے اختتام پر مباحثے اور ڈرائنگ مقابلوں کے کامیاب طلباء کو ٹرافیاں، اسناد اور میڈلز دیے گئے، جبکہ معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور گلدستے پیش کیے گئے۔

اینجلز کلچرل اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر طارق احمد شیرا نے اپنے خطاب میں منشیات کے نقصانات اور اس کے سماجی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام ایک واضح پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.