نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار نے کےلئےنیا تھیٹر گروپ میدان میں
گاندربل میں ایس آر تھیٹر نامی ثقافتی گروپ کے تمدن و ثقافت کو بڑھاوا دینے میں مصروف
گاندربل/ 26 فروری/ شافیہ گلفام
نوجوانوں میں چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار نے کےلئے گاندربل میں S R تھیٹر نامی ثقافتی گروپ متحرک ہوگیا ہے۔اس تھیٹر گروپ کی جانب سے شروع کیا گیا کافی کیفے کلب مقامی نوجوانوں کے ساتھ ساتھ مقامی بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار نے کےلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ فروری مہیی میں ایس آر تھیٹر کی جانب سے کئی موضوعات کے تحت ثقافتی اور تمدنی پروگراموں کا سلسلہ جاری رہا اور ان پروگراموں میں مادری زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک شاندار بحث و مباحثے کا پروگرام بھی شامل تھا جس میں مقامی نوجوانوں اور بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مباحثے میں کشمیری زبان کو عام کرنے اور اس سے آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا۔ایس آر تھیٹر کے سربراہ ساحل شفیع نے فروری مہینے کے دوران منعقدہ پروگراموں کے بارے میں کہاکہ جس مقصد کے لئے ہم نے کافی کیفے کلب کاقیام عمل میں لایا تھا اس مقصد میں ایس آر تھیٹر گاندربل کامیاب ہوتا ہوا نظر آرہا ہے کیونکہ کافی کیفے کلب میں ہر عمر کے مقامی فنکاروں کی شرکت سے مقامی عام نوجوانوں اور بچوں میں چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار نے میں ہمیں کافی مدد ملی ہے اور اس طرح کے اقدام سے ضلع گاندربل کے نوجوانون کو منشیات اور دیگر غیر قانونی کاموں سے دور رکھنے میں ہمارے عزم کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کافی کیفے کلب میں فنکاروں، مقامی نوجوانوں اور بچوں کی شرکت سے ہمارے حوصلے بلند ہوگئے اور ہماری کوشش رہے گی کہ ذیادہ سے زیادہ فنکار، عام نوجوان اور مقامی بچے ہمارے ساتھ جڑے رہے جو ہمارا اصلی مقصد ہے۔ ادھر ضلع بھر میں ایس آر تھیٹر گاندربل کے اس اقدام کی خوب پزیرائی ہورہی ہے۔