بارہمولہ/ 27 فروری/ عاشق تلگامی
ڈپٹی کمشنر بارہمولہ مینگا شیرپا نے آج میونسپل کونسل بارہمولہ کی جانب سے قائم کردہ Reduce, Reuse, Recycle (RRR) سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل بارہمولہ نوید اعجاز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈی سی بارہمولہ نے اس اقدام کو علاقے میں مؤثر کچرا منیجمنٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر لوگوں کو کچرے کو کم کرنے، اشیاء کو دوبارہ استعمال میں لانے اور ری سائیکلنگ کو فروغ دینے کی ترغیب دے گا، جو ماحولیات کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ایگزیکٹیو آفیسر نوید اعجاز نے سنٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت کچرے کی علیحدگی اور ری سائیکلنگ کے لیے ایک اہم مرکز ثابت ہوگی اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد دے گی۔
اس موقع پر میونسپل حکام، مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی، جنہوں نے انتظامیہ کے اس ماحول دوست اقدام کو سراہا اور اسے ایک مثبت تبدیلی قرار دیا۔