ایکٹ’ ACT’ نامی تھیٹر گروپ نے ایس پی کالج میں اپنی پرفارمنس سے مچائی دھوم
اردو اسٹیج ڈرامہ'پاگل کون' پیش کرکے سامعین ہوئے محظوظ
سرینگر/ 27 فروری/ شافیہ گلفام
ایکٹ’ACT’نامی معروف تھیٹر گروپ جو ایک بہتر کل کے لئے سرگرم عمل نے سرینگر کے گورنمنٹ ایس پی کالج میں زاہد حسین کا لکھا اور مشتاق علی احمد خان کی ہدایت میں اردو اسٹیج ڈرامہ پیش کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔سامعین نے ڈرامہ کے ہدایت کار اور ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکاروں کی خوب سراہنا کی۔ اس سبق آموز ڈرامے کی کہانی انسانی حالات زندگی پر مبنی ہے۔ کالج کے پرنسپل محمد فاروق میر خاص مہمان کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے جبکہ معروف براڈکاسٹر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابقہ سربراہ سید ہمایوں قیصر، محجبین نبی، منظور احمد میر، اور ریشی رشید مہمان زی وقار کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایکٹ’ ACT’ کے سربراہ مشتاق علی احمد خان نے کہا کہ یہ ڈرامہ تھیٹر کی طاقت کا ثبوت ہےجو تعلیم اور تفریح کے لئے حوصلہ افزائی کی بات ہے اور ہم مستقل میں بھی اپنے سامعین کے ساتھ اس کا اشتراک کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامہ ‘پاگل کون’ایک سوچنے والا ڈرامہ ہے جو ہمارے آس پاس کی دنیا کے بارے میں ہمارے مفروضوں کو چلینج کرتا ہے۔ ڈرامے میں جن اداکاروں نے اپنی بہترین پرفارمنس سے دھوم مچائی اور سامعین کو محظوظ کیا ان میں عاقب حلیم، ارجمند اندرابی، عبدالباسط اور صحیب لطیف قابل ذکر ہیں اور میک اپ کا کام گل جاوید خان اور برکت علی نے کیا تھا۔ڈرامہ دیکھنے والوں میں کالج کے طلبہ و طالبات کے علاوہ کالج کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی شامل تھا۔واضح رہےکہ یہ ڈرامہ آج یعنی 28 فروری کو سرینگر کے ٹائیگورہال میں سہہ پہر 4 بجے دوبارہ کھیلا جائے گا۔