The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

بجلی کی آنکھ مچولی | رمضان المبارک کے دوران منڈی میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی پر عوام برہم

0

منڈی/15 مارچ/توصیف رضا گنائی

منڈی تحصیل، ضلع پونچھ کے عوام بجلی کے غیر اعلانیہ کٹوتیوں پر ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی بجلی شیڈول پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شکایات منڈی مین ٹاؤن، اعظم آباد، آرائی، ساوجیاں، لورن، مارکوٹ، بیلہ، سٹھرا، فتح پور سمیت دیگر کئی علاقوں سے موصول ہو رہی ہیں، جہاں کے رہائشیوں نے متعلقہ حکام کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مناسب بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ ایک مقامی شخص نے کہا، "ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جب متعلقہ محکمے، انتظامیہ اور نمائندوں نے رمضان میں بہتر بجلی فراہمی کا وعدہ کیا تھا تو پھر اچانک غیر اعلانیہ کٹوتیاں کیوں کی جا رہی ہیں؟” لورن کے ایک رہائشی نے کہا، "بجلی کی ناقص صورتحال نے حکام کے تمام بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، "محکمہ سحری اور افطار کے اوقات میں بھی بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ہم نہیں سمجھ پا رہے کہ محکمہ اپنے ہی طے شدہ شیڈول پر عمل کیوں نہیں کر رہا، خاص طور پر رمضان کے مہینے میں۔ سب کو امید تھی کہ رمضان میں مناسب بجلی فراہم کی جائے گی، لیکن زمینی سطح پر صورت حال بالکل مختلف ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.