سنگپورہ پٹن میں روح پرور نعتیہ محفل، ڈی آئی جی مقصود زمان اور مولانا غازی حسین مکی مہمانِ خصوصی
روشن کشمیر کے زیر اہتمام شاندار نعتیہ مقابلے کا کیا گیا تھا انعقاد
پٹن/ 26 مارچ/ عاشق تلگامی
روشن کشمیر کے زیر اہتمام سنگپورہ، پٹن میں ایک شاندار نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نعت خوانوں نے شرکت کی۔ اس بابرکت محفل میں ڈی آئی جی نارتھ رینج مقصود زمان اور معروف عالمِ دین مولانا غازی حسین مکی مہمانانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، سی ایم او بارہمولہ، بی ایم او پٹن، ایس ڈی پی او پٹن، ڈی ایس پی پٹن، قاضی مفتی طارق احمد، مفتی رحمانی، مفتی عاشق احمد، ایس ایچ او پٹن اور دیگر معززین بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران معروف نعت خواں آیان اعجاز نے اپنی خوبصورت اور پرسوز آواز میں نعت شریف پیش کی، جس سے محفل میں عقیدت اور روحانیت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حاضرین نے نعت خوان کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور منتظمین کی اس خوبصورت کاوش کی تعریف کی۔
اس موقع پر مولانا غازی حسین مکی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعت خوانی نہ صرف ہمارے ایمان کو تازہ کرتی ہے بلکہ ہمارے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید گہرا کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نعت خوانی اور دینی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔
مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی نارتھ رینج مقصود زمان نے بھی اپنے خطاب میں روشن کشمیر کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامات نوجوانوں کو مثبت سمت میں لے جانے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
روشن کشمیر کی انتظامیہ نے تمام معزز مہمانوں، میڈیا کے نمائندوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پروگرامات مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل میں دینی شعور بیدار ہو اور وہ نعت خوانی کے مقدس فن سے وابستہ ہوں۔
تقریب کے اختتام پر جیتنے والے نعت خوانوں کو انعامات سے نوازا گیا، جبکہ شرکاء نے اس روحانی محفل کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔