مولانا مفتی قاضی طارق احمد رحمانی کی جانب سے خصوصی دعا کے ساتھ شب قدر کی مبارکباد
شبِ قدر رحمتوں اور مغفرت کی رات، عبادت میں گزاریں/ مولانا مفتی قاضی طارق احمد رحمانی
پٹن،/27 مارچ/عاشق تلگامی
مرکزی ادارۂ شرعیہ پٹن کے صدر، مولانا مفتی قاضی طارق احمد رحمانی نے شبِ قدر کی بابرکت رات کے موقع پر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شبِ قدر رحمت، مغفرت اور نجات کی رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بے شمار برکتیں نازل فرماتا ہے۔
مولانا مفتی قاضی طارق احمد رحمانی نے مسلمانوں کو اس مقدس رات کی قدر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات ایک ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے، اس لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت، تلاوتِ قرآن، توبہ و استغفار، اور دعا میں مشغول رہنا چاہیے۔
انہوں نے امتِ مسلمہ اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا:
"اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات قبول فرمائے، ہمارے گناہوں کو معاف کرے، ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی عطا کرے اور ہمارے ملک و قوم میں امن و خوشحالی قائم فرمائے۔”
مزید برآں، انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس رات میں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، نیک اعمال کو اپنائیں اور اللہ کی رحمت سے امید رکھیں، کیونکہ وہ اپنے بندوں کی توبہ قبول کرنے والا اور بے حد مہربان ہے۔