عالمی یوم تھیٹر،کلچرل اکیڈمی اور ایکٹ کےاشتراک سے ٹائگورہال میں سیمنار کا انعقاد
سیمنار میں نوجوانوں کی تھیٹر کے تئیں عدم دلچسپی پر کیا گیا تشویش کا اظہار
سرینگر/28 مارچ/ شافیہ گلفام
عالمی یوم تھیٹر کے موقع پر سرینگر کے ٹائگورہال میں جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور ایکٹ ‘ACT’ نامی تھیٹر گروپ کے اشتراک سے”تھیٹر کیوں” عنوان سے ایک سیمنار کا انعقاد کیا جس میں تھیٹر سے وابستہ کئی معروف فنکاروں، ہدایت کاروں اور تھیٹر شائقین نے شرکت کی۔ سیمنار کا مقصد نوجوانوں میں تھیٹر کی طرف عدمِ دلچسپی اور تھیٹر سے وابستہ افراد، حکومت اور غیر سرکاری اداروں کو فن کو زندہ کرنے میں ان کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کرناتھا۔ سیمنار کی صدارت معروف براڈکاسٹر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابقہ سربراہ سید ہمایوں قیصر نے کی جبکہ دوردرشن کیندر سرینگر کے سابقہ سربراہ شبیر مجاہد، ایکٹ کے چئیرمین مشتاق علی احمد خان،ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ،معروف ماہر تھیٹر منظور احمد میر اور پروفیسر شوکت شفیع ایوان صدارت میں موجود رہے۔جبکہ کلچرل اکیڈمی کی جانب نے ظہور سلطان اور نصرت آراء نےسیمنار میں شرکت کی۔مقررین نے ثقافتی ورثہ، معاشرتی بیداری اور جزباتی ذہانت کو فروغ دینے میں تھیٹر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوان نسل میں تھیٹر کے تئیں دلچسپی کو بحال کرنے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مقررین نے نئی نوجوان نسل کو تھیٹر کے تئیں عدم دلچسپی پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیمنار میں تھیٹر سے وابستہ فنکاروں اور تھیٹر شائقین نے تھیٹر کو مزید فعال بنانے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔سیمنار کے اختتام پر ایکٹ ACT کے سربراہ مشتاق علی احمد خان نے تمام شرکاء اور بالخصوص کلچرل اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔