The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

معروف شخصیات پر مشتمل "پیر پنچال سنیئر سٹیزنز فورم” کا آن لائن اجلاس ہوا منعقد

نئی فلم پالیسی کا کیاخیر مقدم، پونچھ اور راجوری اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی سرکار سے کی مانگ

0

تھنہ منڈی/ 29 جون/این ایس آر

سابق بیروکریٹس، ماہر ین تعلیم، دانشوروں اور معروف سماجی کارکنان پر مشتمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”پیر پنچال سنیئر سٹیزنز فورم “کا منگل کو آن لائن اجلاس چیئرمین محمد امین انجم سابقہ آئی جی پی اور ماہر تعلیم خرشید بسمل کی سرپرستی میں منعقد ہوا جس میں فورم کے کور گروپ نے شرکت کی۔ اس دوران خطہ پیر پنچال کی ترقی اور سماجی امور کے علاوہ فورم کے کام کاج پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس دوران خاص طور سے حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کیلئے نئی فلم پالیسی جوکہ جلد منظر عام پر لائی جارہی ہے، کاخیر مقدم کیاگیا جس سے مقامی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور ساتھ ہی نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے دستیاب ہوں گے۔ مقررین نے کہاکہ اضلاع پونچھ اور راجوری قدرتی حسن سے مالامال ہیں جہاں پر کئی ایک خوبصورت مقامات ہیں جوکہ فلم شوٹنگ کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔ اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کی گئی کہ اضلاع پونچھ راجوری کو بھی نئی فلم سازی کے تحت جائز ومناسب حصہ دیاجائے، اِس خطہ کو سیاحتی نقشہ پر لانے کے لئے علیحدہ سے راجوری پونچھ ٹورازم سرکٹ بنایاجائے تاکہ یہاں پر بھی تعمیر وترقی ہوسکے، نوجوانوں کو روزگارکے مواقعے ملیں ۔اِن سرحدی اضلاع کی عوام کو 1947, 1965اور1971کے علاوہ حد متارکہ پر حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے آج تک بھاری نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ خطہ پیر پنچال میں برف پوش پہاڑ، گلیشیئر، جھیلیں، سرسبز میدان، گھنے جنگلات، پھولوں سے سجی خوبصورت وادیاں، جھرنے، چشمے اور کئی سیاحتی مقامات بھی ہیں۔ فورم ممبران نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ خطہ میں سیاحتی شعبہ کو ترقی دینے کے لئے سبھی حصہ داروں اور ماہرین کے ساتھ صلاح ومشورہ سے جامع منصوبہ مرتب کیاجائے۔ اس ضمن میں تفصیلی میمورنڈم لیفٹیننٹ گورنر کو بھی بھیجنے کا فیصلہ کیاگیا۔ علاوہ ازیں راجوری میں برسوں سے تعمیر ریڈیو اسٹیشن عمارت کی عدم فعالیت،پرنائی پن بجلی پروجیکٹ کی تعمیر وتکمیل میں تاخیر ،مغل شاہراہ کو آمدورفت کے لئے مکمل طور کھولنا،اعجاز ڈار کی ماب لنچنگ،ترقی کے لئے خطہ میں دیر پا قیام امن،خطہ پیر پنچال میں منشیات کی وباءوغیرہ امور پر بھی بات ہوئی۔مقررین نے خطہ کی جامع ترقی اور نوجوان نسل تک تجربات اور علم وادب کو منتقل کرنے کے لئے سنیئر سٹیزنز کو گاؤں تحصیل وضلع سطح پر متحرک کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔ سنیئر سٹیزنز مقررین میں سابقہ اے ڈی سی محمد مطلوب خان، سابقہ لیکچرر اسلم مرزا، سابقہ زیڈ ای او اور شاعر میرخرشید جانم، سابقہ لیکچرر محمد اقبال شال، سابقہ پرنسپل ونے مصری، سابقہ سپرنٹنڈنٹنگ انجینئر نیاز احمد بانڈے، ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ شامل تھے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.