ترک صدر کا طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا اعلان
ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر قدم اٹھائیں گے/ چاوش اولو
انقرہ/19اگست/ایجنسیاں
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ افغانستان میں ترک فوجیوں کی موجودگی نئی افغان حکومت کے ہاتھ عالمی سطح پر مضبوط بنانے میں مدد کرے گی۔ترک صدر نے اس بات کا اظہار نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ ممکن ہو سکتا ہے ،ان کے معتدل اور مثبت بیانات خوش آئند ہیں،ترکی افغانستان میں بسے ترک نسل عوام کے تحفظ اور ملکی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکنہ تعاون کے لیے تیار ہے۔
صدر نے کہا کہ ہماری فوج کو افغانستان میں اجنبی نہیں سمجھا جاتا اور نہ ہی فوج نے وہاں اپنی طاقت کابے دریغ استعمال کیاہے۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ ہماری فوج نئی افغان حکومت کے عالمی سطح پر ہاتھ مضبوط کرنے میں تعاون کرے گی۔ کابل کے ہوائی اڈے کی سیکورٹی کیلئے افغان حکام سے روابط میں ہیں۔انہوںنے کہا کہ افغانستان میں خواہ جس کی بھی حکومت ہو ترکی اپنے عہد وفا اور برادرانہ تعلقات کے احترام میں افغانستان کی مدد کرتا رہے گا۔