شوپیاں میں عام شہری کے قتل کی مقررہ وقت میں تحقیقات کا مطالبہ/پی سی ترجمان
بےگناہ انسانوں کا قتل ہر سطح پر قابل مذمت ہے ،کوئی بھی ایسی کارروائی کا جواز پیش نہیں کرسکتا
سری نگر/ 24 اکتوبر/این ایس آر
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے شوپیاں کے زینہ پورہ میں سی آر پی ایف چوکی کے قریب ایک شہری شاہد احمد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائی کو افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی معیاد بند تحقیقات اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں کا قتل ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور کوئی بھی ایسی کارروائی کا جواز پیش نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک امر ہے کہ کشمیر ایک حقیقی آگ میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے جس میں تشدد اور قتل روز کا معمول بنتا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق کشمیری عوام افراتفری اور خوف ودہشت کے بغیر زندگی گزارنے کے مستحق ہیں اور حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کو اس ضمن میں خاطر خواہ تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ بے چینی اور خوف سے خالی فضا میں سانس لے سکیں۔
پی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شوپیاں میں فائرنگ کے اس بدقسمت واقعہ کی معیاد بندجانچ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ متاثر ین کو بلا تاخیر انصاف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو انصاف اور تحقیقاتی اداروں پر لوگوں کے اعتماد کو زندہ اور بحال رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کو ترجیح دینی چاہیے۔