سرینگر/20 فروری/گلفام بارجی
وادی کے معروف فلم ساز، ہدایت کار اور اداکار شیخ طارق جاوید جشن جموں و کشمیر میں ایل جی کے ہاتھوں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز ہوئے۔یہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ رواں ماہ کی 13 تاریخ کو جموں و کشمیر ‘یوٹی’ کے لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے انہیں 3 روزہ جشن جموں و کشمیر ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب پر عطا کیا۔اس 3 روزہ ثقافتی میلے کا اہتمام جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور جے اینڈ کے آرٹسٹس ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔شیخ طارق جاوید تقریباً گزشتہ پچاس سالوں سے ریڈیو، ٹیلیویژن، فلموں اور اسٹیج کے ساتھ وابستہ ہیں اور آج تک کئی مقبول عام ٹی وی سیریلز، ڈاکومنٹریز، فلموں اور دیگر پروگراموں کے زریعے اپنا ایک الگ مقام بنا چکے ہیں جس کے عوض انہیں جموں کے ابھینو تھیٹر میں یہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ عطا کیا گیا۔واضح رہے کہ شیخ طارق جاوید گزشتہ کئی دہائیوں سے جے اینڈ کےریڈیو ٹیلیویژن آرٹسٹ،فری لانس پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بدستور قائم ہیں۔لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے پر شیخ طارق جاوید کو جے اینڈ کے ریڈیو ٹیلیویژن آرٹسٹ، فری لانس پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن سے وابستہ تمام ممبران، اپنے مداحوں کے علاوہ دیگر کئی ادبی حلقوں اور ممتاز شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے جس کے لئے شیخ طارق جاوید نے اپنے تمام مداحوں اور بہی خواہوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔